بھارت نے ایف آئی ایچ ہاکی پرولیگ میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کی تیسرے نمبر کی ٹیم ہالینڈ کو کالنگا اسٹیڈیم میں سنیچر کو 2۔5 کےبڑے فرق سے ہرادیا۔
بھارتی ٹیم پہلی مرتبہ اس پرو لیگ میں کھیلنے اتری اوراس نے دھماکہ دار آغاز کیا۔
دنیا کی پانچویں نمبر کی ٹیم بھارت نے اس مقابلے میں مسلسل شاندار مظاہرہ کیا۔
ٹوکیو اولمپک کے لئے کوالیفائی کرچکی بھارتی ٹیم ہالینڈ سے دوسرا میچ اتوار کو اسی اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔
کالنگا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں بھارت نے طوفانی ابتدا کرتےہوئے پہلے ہی منٹ میں برتری حاصل کرلی۔
گرجنت سنگھ نے یہ گو ل کیا۔ روپندرپال سنگھ نے 12ویں منٹ میں بھارت کی برتری کو 0۔2 کردیا۔
جپ جانسن نے 14ویں منٹ میں ہالینڈ کا پہلا گول کرکے اسکور2۔1 کردیا۔پہلے کوارٹرمیں مقابلہ کافی دلچسپ رہا۔
ہالینڈ نے دوسرے ہاف میں بہتر کھیل دکھایا اور 28ویں منٹ میں جیرون ہارٹز برگ نے گول سے 2۔2 کی برابری حاصل کرلی۔ پہلا ہاف 2۔2 کی برابری پر ختم ہوا۔
تیسرا کوارٹر شروع ہوتے ہی ہندوستان نے مسلسل حملوں سے ہالینڈ کو دباؤ میں لادیا۔
مندیپ سنگھ نے 34ویں اور للت اپادھیائے نے 36ویں منٹ میں گول کرکے بھارت نے2۔4 کی مضبوط برتری حاصل کرلی۔
تیسرا کوارٹر بھارت کی 2۔4 کی برتری کے ساتھ ختم ہوگیا۔ چوتھا کوارٹر شروع ہوتے ہی روپندر نے 46ویں منٹ میں بھارت کا پانچواں گول کرکے ہالینڈ کی جدوجہد ختم کردی۔