اے سی میلان نے زلاتن ابراہیمووچ کے ساتھ ایک سال کے معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد امید ظاہر کی کہ 38 سالہ کھلاڑی کی شمولیت سے ان کی ٹیم سات سال بعد دوبارہ چیمپئنز لیگ فٹ بال ٹورنامنٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگی۔
جنوری میں اے سی میلان میں واپس آنے کے بعد سویڈن سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ فٹ بال کھلاڑی نے 20 میچوں میں 11 گول اسکور کیے ہیں اور وہ روسونی کے لیے 100 سے زیادہ بار نمائندگی کرچکے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق یہ معاہدہ 70 لاکھ یورو میں کیا گیا ہے۔
ابراہیمووچ اس سال جنوری میں چھ ماہ کے معاہدے پر دوسری بار اے سی میلان میں شامل ہوئے ہیں۔
انہوں نے 18 سیری اے میچوں میں دس گول اسکور کیے۔ اس سے میلان کو اٹالین لیگ میں چھٹا مقام حاصل کرنے اور یوروپا لیگ میں جگہ حاصل کرنے میں مدد ملی تھی۔ سیری اے کا آغاز 19 ستمبر کو ہوگا لیکن ابراہیمووچ اس سے دو روز قبل یوروپا لیگ میں آئرلینڈ کے شمروک روورز کے خلاف میلان سے کھیلیں گے۔