فٹ بالرز نے قومی وبین الاقوامی فٹ بالرز فورم جموں و کشمیرکے بینر تلے بدھ کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا گیا کہ فٹ بال ایسوسی ایشن میں نظام مکمل طور پر درہم برہم ہوگیا ہے۔
اب اس کی موجودہ باڈی کو فوری طور پر تحلیل کیا جانا چاہئے اور نئے انتخابات سے قبل ایک عبوری باڈی تشکیل دی جانی چاہئے۔اس موقع پر بین الاقوامی سطح کے فٹ بالرز معراج الدین وڈو اور ارون ملہوترا بھی موجود تھے۔
معراج الدین وڈو نے کہا کہ جموں وکشمیر حکومت بار بار اس کھیل کو تمام تر معاونت فراہم کرتی ہے لیکن موجودہ باڈی کی نااہلی اس کھیل کو خراب کرنے اور اس کو پیچھے دھکیلنے کی ذمہ دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج جموں وکشمیر کو پسماندہ علاقہ تصور کیا جاتا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے یہاں کھلاڑیوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔
فٹ بالر نے کہا کہ جے کے ایف اے صرف پانچ یا چھ اضلاع میں موجود ہے اور رجسٹرڈ فٹ بال کلبوں کی تعداد بھی 8 سو سے گھٹ کر صرف ڈھائی سو رہ گئی ہے۔
اس موقع پر بولتے ہوئے ارون ملہوترا نے کہا کہ جے کے ایف اے نے آئین کی خلاف ورزی کی ہے اور ایسوسی ایشن کا صدر گزشتہ 16 برسوں سے صدارت کی کرسی پر براجمان ہے۔
انہوں نے کہا 70 فیصدی سے بھی زیادہ ضلعی باڈیاں عضو معطل بن کے رہ گئی ہیں جہاں انتخابات منعقد نہیں کئے جارہے ہیں۔
فٹ بالر نے کہا کہ ایسوسی ایشن کی کوئی ایگزیکیٹو باڈی نہیں ہے تمام فیصلے انفرادی طور پر لئے جاتے ہیں۔