انگلینڈ کے ومبلے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے یورو کپ 2020 کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے ڈنمارک کو 1-2 سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا ہے۔ میچ کا فیصلہ اضافی وقت کے کھیل میں ہوا۔ انگلینڈ کا فیصلہ کن گول کپتان ہیری کین نے پنالٹی کک پر کیا۔
یورو کپ فٹبال میں دوسرا سیمی فائنل پہلے ہاف میں کافی سنسنی خیز رہا، جب ڈنمارک کے ڈیمزگارڈ نے 30 ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو سبقت دلائی۔ تاہم 39ویں منٹ میں ڈنمارک کے سائمن کئیار نے اپنے ہی گول میں گیند پھینک کر اپنی ہی ٹیم کی برتری ختم کردی۔
میچ کے دوسرے ہاف میں کوئی ٹیم بھی گول نہ کرسکی لیکن اضافی وقت کے 14ویں منٹ میں کپتان ہیری کین نے پنالٹی کِک کے ری باؤنڈ پر گول کرکے انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول کی برتری دلادی جو آخر وقت تک برقرار رہی۔
1966 کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے جب انگلش ٹیم کسی بڑے فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچی ہے۔ یورو کپ میں اس سے قبل انگلینڈ دو مرتبہ تیسری پوزیشن تک پہنچ پایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: EURO 2020: اٹلی یوروکپ کے فائنل میں
واضح رہے کہ 1966 ورلڈ کپ کا فائنل بھی ومبلے اسٹیڈیم میں انگلینڈ اور مغربی جرمنی کے درمیان کھیلا گیا تھا جس میں انگلینڈ نے فٹبال کا پہلا ٹورنامنٹ جیتا تھا۔
یورو کپ 2020 کا فائنل اتوار کو انگلینڈ اور اٹلی کے درمیان وِمبلے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔