آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) کے صدر پرفل پٹیل نے کہا کہ انڈر-17 خواتین ورلڈ کپ کی مقامی آرگنائزنگ کمیٹی (ایل او سی) فیفا اور اے آ ئی ایف ایف کے درمیان ٹورنامنٹ کی نئی تاریخوں کے بارے میں تبادلہ خیال جاری ہے۔
انڈر-17 خواتین ورلڈ کپ کا انعقاد اس سال نومبر میں ہندستان میں ہونا تھا لیکن کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظرفیفا نے اسے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پٹیل نے ٹویٹ کے ذریعے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہم فیفا کے ساتھ مل کر خواتین انڈر -17 ورلڈ کپ کو جلد سے جلد منعقد کرنے پر بات چیت کر رہے ہیں۔ ایل او سی اور فیفا کے درمیان ٹورنامنٹ کی نئی تاریخوں پر بات چیت جاری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم فیفا کے ساتھ خاتون ورلڈ کپ کے لئے عمر سے متعلق معیار مقررہ پروگرام کے مطابق رکھنے پر بھی مذاکرات کر رہے ہیں جس سے وہ تمام کھلاڑی اس میں حصہ لے سکیں جنہوں نے اس ٹورنامنٹ کے لئے کافی محنت کی ہے۔
فیفا خاتون انڈر -17 ورلڈ کپ کا انعقاد نوی ممبئی، کولکاتہ، احمد آباد، بھونیشور اور گوہاٹی میں دو سے 21 نوبر تک ہونا تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں میزبان ہندستان سمیت 16 ٹیموں کو حصہ لینا تھا۔ پہلی بار اس کا انعقاد ہندستان میں کرایا جا رہا تھا۔