ہرارے: سکندر رضا (4 وکٹ، 102 ناٹ آؤٹ) کی آل راؤنڈ کارکردگی اور سین ولیمز (58 گیند، 91 رن) کی شاندار نصف سنچری کی بدولت زمبابوے نے ایک روزہ کوالیفائر میں منگل کو نیدرلینڈ پر چھ وکٹوں کی آسان جیت درج کی۔ نیدرلینڈز نے زمبابوے کے سامنے 316 رنز کا بڑا ہدف رکھا لیکن زمبابوے نے یہ ہدف محض 40.5 اوورز میں حاصل کر لیا۔ زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا، حالانکہ نیدرلینڈ کے اوپنرز نے ڈچ ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔ میکس او ڈاؤڈ اور وکرمجیت سنگھ نے پہلے وکٹ کے لیے 120 رنز کی زبردست شراکت قائم کی جس میں میکس نے 59 رنز کا تعاون دیا۔ میکس نے اپنی 67 گیندوں کی اننگ میں 10 چوکے لگائے اور رضا نے انہیں آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔
وکرمجیت سنگھ سنچری کی طرف بڑھ رہے تھے لیکن رضا نے انہیں 88 رنز کے اسکور پر پویلین بھیج دیا۔ اس کے علاوہ رضا نے ویسلے بریسی اور باس ڈی لیڈ کو چھوٹے چھوٹے اسکور پر پویلین لوٹا کر نیدرلینڈ کو جھٹکا دیا۔ کپتان سکاٹ ایڈورڈز (72 گیند، 83 رنز) تاہم کریز پر جمے رہے اور نیدرلینڈز کو 50 اوورز میں 315 رنز تک پہنچا دیا۔ تاہم یہ اسکور میزبان زمبابوے کے لیے بہت چھوٹا ثابت ہوا۔ کریگ ارون (48 گیند، 50 رنز) نے جویلورڈ گمبی (55 گیند، 40 رنز) کے ساتھ پہلے وکٹ کے لیے 80 رنوں کی پارٹنر شپ کرکے زمبابوے کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔
یہ بھی پڑھیں: World Cup Qualifiers 2023 عمان نے آئرلینڈ کو شکست دے کر الٹ پھیر کیا
ویزلی مدھویرے (10) کوئی بڑی شراکت نہ کر سکے لیکن ولیمز اور رضا نے چوتھے وکٹ کے لیے 60 گیندوں پر 84 رنز کی شراکت قائم کرکے نیدرلینڈز کو میچ سے باہر کر دیا۔ ولیمز 58 گیندوں پر 10 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 91 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد رضا نے اپنی سنچری مکمل کی اور چھکا لگا کر زمبابوے کو فتح دلائی۔ رضا نے 54 گیندوں پر چھ چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 102 رنز بنائے جو زمبابوے کے لیے ون ڈے کی تیز ترین سنچری ہے۔
یو این آئی