نئی دہلی: ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کا پہلا سیزن 4 مارچ سے شروع ہو رہا ہے جہاں گجرات جائنٹس اور ممبئی انڈینز کے درمیان ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں شائقین کو چیلنجنگ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ اس 23 روزہ لیگ میں 5 ٹیمیں 20 لیگ اور دو ناک آؤٹ میچ کھیلیں گی۔ مقابلے کے تمام 22 میچ ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اور بریبورن اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ میگ لیننگ کی کپتانی والی دہلی کیپٹلز کی ٹیم سب سے زیادہ متوازن اور مضبوط نظر آتی ہے۔ جبکہ ممبئی انڈینس اور رائل چیلنجرز بنگلور کی پلیئنگ 11 تھوڑی کمزور ہے۔ ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کے پہلے سیزن میں 5 ٹیمیں کھیلتی نظر آئیں گی۔ ان میں دہلی کیپٹلز (ڈی سی)، ممبئی انڈینز (ایم آئی)، رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی)، گجرات جائنٹس (جی جی) اور یو واریئرس (یو پی ڈبلیو) شامل ہیں۔
میگ لیننگ دہلی کی کپتان ہیں۔ وہیں ممبئی سے ہرمن پریت کور، بنگلور سے اسمرتی مندھانا، گجرات سے بیتھ مونی اور یوپی سے ایلیسا ہیلی ہیں۔ اس طرح 3 ٹیموں کی کمان آسٹریلوی کھلاڑیوں کے پاس ہے جب کہ 2 کی کمان ہندوستانی کھلاڑیوں کے پاس ہے۔ 4 سے 21 مارچ تک لیگ مرحلے کے 20 میچز ہوں گے۔ مردوں کے آئی پی ایل کے ابتدائی سیزن کی طرح یہاں بھی ہر ٹیم ایک دوسرے کے خلاف 2-2 میچ کھیلے گی۔ اس طرح ہر ٹیم لیگ مرحلے میں کم از کم 8 میچز کھیلے گی۔ 20 لیگ میچوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل میں پہلی پوزیشن پر آنے والی ٹیم براہ راست فائنل کے لیے کوالیفائی کر لے گی۔ اس کے ساتھ ہی دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں کے درمیان 24 مارچ کو ایلیمینیٹر میچ ہوگا۔ ہارنے والی ٹیم تیسرے نمبر پر رہے گی اور جیتنے والی ٹیم 26 مارچ کو بریبورن اسٹیڈیم میں فائنل کھیلے گی۔ ٹورنامنٹ میں کل 22 میچز ہوں گے جن میں لیگ مرحلے کے 20 اور کوالیفائر کے 2 میچز شامل ہیں۔ اس کے بعد ویمنز پریمیئر لیگ کو پہلا چیمپئن مل جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: Smriti Mandhana RCB Captain مندھانا کو آر سی بی کی کپتانی ملی
یو این آئی