ہرارے: کپتان شائی ہوپ (132) اور نکولس پورن (115) کی سنچریوں کی بدولت ویسٹ انڈیز نے جمعرات کو ورلڈ کپ کوالیفائر کے گروپ اے کے اپنے میچ میں نیپال کو 101 رنز سے شکست دے دی۔ ہرارے اسپورٹس کلب گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں ونڈیز نے ٹاس ہارنے کے بعد بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 339 رنز کا شاندار اسکور بنایا۔ جواب میں نیپال کی پوری ٹیم 49.4 اوورز میں 238 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کیریبین ٹیم کے لیے ہوپ نے 129 گیندوں پر 10 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 132 رنز کی کپتانی کی اننگز کھیلی۔ نکولس پورن نے 94 گیندوں پر 10 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 115 رنز بنائے۔
اس کے علاوہ روومین پاول نے 29 (14) جبکہ برینڈن کنگ نے 32 (42) رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں نیپال نے 92 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا دیں۔ تاہم آصف شیخ نے نچلے آرڈر کے بلے بازوں کے ساتھ مل کر ٹیم کو باعزت اسکور تک پہنچایا۔ آصف نے 93 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 63 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیپیندر سنگھ ایری (20 گیندوں، 23 رنز)، گلشن جھا (58 گیندوں، 42 رنز) اور کرن کے سی (27 گیندوں، 28 رنز) نے نیپال کی عزت بچانے میں آصف کا بھرپور ساتھ دیا۔ نیپال کی اننگز کا اختتام میچ کے آخری اوور کی چوتھی گیند پر کرن کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: World Cup Qualifiers 2023 عمان نے آئرلینڈ کو شکست دے کر الٹ پھیر کیا
ویسٹ انڈیز کی اس بڑی جیت میں جیسن ہولڈر نے تین جبکہ الزاری جوزف، کیمو پال اور عقیل حسین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ کائل میئرز نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ویسٹ انڈیز گروپ اے میں دو میچوں میں دو جیت کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ نیپال تین میچوں میں دو جیت اور ایک ہار کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ ورلڈ کپ کوالیفائرز کے ایک اور میچ میں نیدرلینڈز نے امریکا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ یو ایس اے نے ہالینڈ کے سامنے 212 رنز کا ہدف دیا جسے ڈچ ٹیم نے 43.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔
یو این آئی