دبئی: مشیر خان (50) اور مروگن ابھیشیک (62) کی شاندار بلے بازی کے باوجود بھارت نے انڈر 19 ایشیا کے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں چار وکٹوں کی شکست کے ساتھ جمعہ کو اپنی مہم کا مایوس کن اختتام کیا۔ بھارت کی اننگز 42.4 اوورز میں 188 رنز پر ہی سمٹ گئی۔ مشیر اور ماروگن کو چھوڑ کر دیگر بلے بازوں نے بنگلہ دیش کے باؤلنگ اٹیک کے سامنے ہتھیار ڈالنے شروع کر دیے۔
ایک وقت میں 61 رنز کے مجموعی اسکور پر بھارت کی چھ وکٹیں سمٹ چکی تھیں لیکن مروگن اور مشیر نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کریز پر وقت گزارا اور 84 رنز کی شراکت بنا کر اسکور کو قابل دفاع بنانے کی کوشش کی۔ بنگلہ دیش کے معروف مردھا نے 41 رنز دے کر چار اہم وکٹیں حاصل کیں جبکہ شیخ پرویز اور روہانت اللہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
آسان ہدف کے باوجود بنگلہ دیش کا آغاز اچھا نہیں تھا اور بھارتی گیند بازوں نے ان کی اوپننگ جوڑی سمیت تین بلے بازوں کو محض 31 رنز پر آوٹ کردیا، لیکن عارف الاسلام (94) احرار امین (44) کے ساتھ تیز رفتاری سے رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کی وجہ سے بھارت اس میچ سے بہت دور ہوگیا اور بنگلہ دیش نے ہدف 43 گیندیں باقی رہتے حاصل کر لیا۔
وہیں پہلے سیمی فائنل میچ میں متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو 11 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ یو اے ای کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 47.5 اوورز میں 193 رنز پر آؤٹ ہوگئی، آیان افضل نے 55 اور آریانش شرما نے 46 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ عبید شاہ نے پاکستان کی طرف سے 4 جبکہ علی اسفند اور عرفان منہاس نے 2، 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ پاکستان انڈر 19 ٹیم 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 182 رنز پر ہی سمٹ گئی جس کی وجہ سے یو اے ای نے یہ میچ 11 رنز سے اپنے نام کرلیا۔