کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ نے نئے دورمیں داخلے کا اشارہ دیتے ہوئے تجربہ کار اوپنر مارٹن گپٹل اور تیز گیند باز ٹرینٹ بولٹ کو بھارت کے خلاف محدود اوورز کی سیریز کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی) نے منگل کے روز تین ٹی20 اور تین ایک روزہ میچوں کے لیے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کین ولیمسن بلیک کیپس کی قیادت کریں گے۔ گپٹل کی جگہ فن ایلن کو بطوراوپنر15 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ایلن نے حال ہی میں ختم ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ 2022 میں بھی نیوزی لینڈ کے لیے اوپنر کا کردار ادا کیا تھا اور اب وہ ون ڈے ٹیم میں بھی مین اوپنر کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب بولٹ کو رواں برس کے شروع میں اپنے خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے اور دنیا بھر کی ڈومیسٹک لیگز پر توجہ دینے کے لیے نیوزی لینڈ کرکٹ کے ساتھ اپنا معاہدہ توڑنے کا فیصلہ کرنے کے بعد انہیں ٹیم میں جگہ نہیں دی گئی۔
نیوزی لینڈ کے کوچ گیری اسٹیڈ نے کہا کہ بولٹ اور گپٹل کو ٹیم سے باہر رکھنے کا فیصلہ مشکل تھا۔ اسٹیڈ نے کہاکہ "جب ٹرینٹ نے اگست میں اپنے این زیڈ سی معاہدے کو توڑنے کا فیصلہ کیا، تو ہم نے اشارہ دیا کہ ان کھلاڑیوں کو ترجیح دی جائے گی جن کے سینٹرل یا ڈومیسٹک کنٹریکٹ ہیں اور یہاں ایسا ہی ہوا۔"
انہوں نے کہا، "ہم سب ٹرینٹ کی عالمی سطح کی صلاحیت کو جانتے ہیں، لیکن اس وقت جیسے جیسے ہم مزید عالمی انعقادات کی طرف بڑھ رہے ہیں، ہم دوسروں کو موقع اور تجربہ دینا چاہتے ہیں۔ محدود اوورز کے کرکٹ میں ٹاپ آرڈر میں فن کے ابھرنے اور کامیابی کا مطلب ہے کہ مارٹن گپٹل کی کلاس کا کوئی کھلاڑی ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے گا۔ یہ ایک اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھیل کی نوعیت ہے۔"
قابل ذکر ہے کہ بھارت میں منعقد ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں ایک برس سے بھی کم وقت باقی ہے۔ کیویز 2019 ایونٹ کے سنسنی خیز فائنل میں شکست کے بعد دوسرے نمبر پر رہے، لیکن اس بار وہ ٹرافی اٹھانا چاہیں گے۔ ورلڈ کپ کے منصوبوں پر، اسٹیڈ نے کہاکہ "ون ڈے ورلڈ کپ میں ایک برس سے بھی کم وقت باقی ہے اور ہم فن کو او ڈی آئی کا تجربہ حاصل کرنے کا ہر موقع دینا چاہتے ہیں، خاص طور پر ہندوستان جیسے اچھے حریف کے خلاف۔ ان دونوں کھلاڑیوں کے لیے پیغام یہ ہے کہ آگے بہت سارا بین الاقوامی کرکٹ ہے اور یقینی طور پر ان کے لیے دروازے بند نہیں ہیں۔
بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 18 نومبر سے ہو رہا ہے، جب کہ تین ون ڈے میچوں کی سیریز 25 نومبر سے کھیلی جائے گی۔ ہاردک پانڈیا ٹی 20 سیریز میں بھارتی ٹیم کی قیادت کریں گے، جبکہ ون ڈے سیریز کے لیے شکھر دھون بھارت کی کمان سنبھالیں گے۔ اس دورے میں وراٹ کوہلی، روہت شرما اور کے ایل راہل جیسے سینئر کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں کین ولیمسن (کپتان) ہیں اور فن ایلن، مائیکل بریسویل، ڈیون کونوے، لوکی فرگوسن، ڈیرل مچل، ایڈم ملنے، جمی نیشم، گلین فلپس، مچل سینٹنر، ایش سودھی، ٹم ساؤتھی، بلیئر ٹکرٹیم کا حصہ ہیں۔
نیوزی لینڈ ون ڈے اسکواڈ: کین ولیمسن (کپتان)، فن ایلن، مائیکل بریسویل، ڈیون کونوے، لوکی فرگوسن، میٹ ہنری، ٹام لیتھم، ڈیرل مچل، ایڈم ملنے، جمی نیشم، گلین فلپس، مچل سینٹنر، ٹم ساؤتھی۔
بھارتی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ: ہاردک پانڈیا (کپتان)، شبھمن گل، ایشان کشن، دیپک ہڈا، سوریہ کمار یادو، شریاس آئیر، رشبھ پنت (نائب کپتان اور وکٹ کیپر)، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، واشنگٹن سندر، یزویندرچہل، کلدیپ یادو، ارشدیپ سنگھ، ہرشل پٹیل، محمد سراج، بھونیشور کمار، عمران ملک۔
ہندوستان کی ون ڈے ٹیم: شکھر دھون (کپتان)، شبھمن گل، دیپک ہڈا، سوریہ کمار یادو، شریاس ائیر، رشبھ پنت (نائب کپتان اور وکٹ کیپر)، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، واشنگٹن سندر، شاردول ٹھاکر، شہباز احمد، یزویندرچہل، کلدیپ یادو، ارشدیپ سنگھ، دیپک چاہر، کلدیپ سین، عمران ملک۔
ٹی 20 سیریز: ویلنگٹن (18 نومبر)، تورنگا (20 نومبر)، نیپیئر (22 نومبر) میں کھیلی جائے گی۔ جب کہ ون ڈے سیریز کا انعقاد آکلینڈ (25 نومبر)، ہیملٹن (27 نومبر)، کرائسٹ چرچ (30 نومبر) میں ہوگا۔
مزید پڑھیں:
یو این آئی