دبئی میں کھیلے گئے سپر12 راؤنڈ کے میچ میں بھارت کے کپتان ویراٹ کوہلی نے اپنی سالگرہ کے دن ایونٹ میں پہلی مرتبہ ٹاس جیتنے کے بعد پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔
جس کے بعد بھارت نے اسکاٹ لینڈ کو 17.4 اوور میں 85 رن پر سمیٹنے کے بعد 6.3 اوور میں دو وکٹ پر 89 رن بنا کر میچ جیت لیا۔
اس شاندار جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نیٹ رن ریٹ کے معاملے میں افغانستان سے آگے نکل کر گروپ کی ٹیبل میں تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ ہندوستان کا نیٹ رن ریٹ پلس 1.619 تک پہنچ گیا ہے جبکہ افغانستان کا نیٹ رن ریٹ پلس 1.481 ہے
بھارت کی طرف سے اوپنر روہیت شرما 16 گیندوں پر 30، کے ایل راہل 19 گیندوں پر 50 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، میچ کا فاتحانہ اسٹروک چھکے کی صورت میں سوریہ کمار یادو نے کھیلا۔
وہیں، محمد شامی (15 رن پر 3وکٹیں)، لیگ اسپنر رویندر جڈیجہ (15 رن پر تین وکٹیں )، جسپریت بمراہ (10 رن پر دو وکٹ) کی شاندار گیندبازیکی بدولت اسکاٹ لینڈ کو 17.4 اوور میں 85 رنز پر آل آوٹ کر دیا تھا۔
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے جارج مانسی نے 19 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 24 رنز کی سب سے بڑی اننگز کھیلی۔ کیلم میکلائیڈ نے بغیر کسی باؤنڈری کے 28 گیندوں پر 16 رنز بنائے، مائیکل لسک نے 12 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 21 اور مارک واٹ نے 13 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 14 رنز بنائے۔ دیگر بلے باز سستے میں آؤٹ ہوئے اور پوری اسکاٹش ٹیم 85 رن پر ڈھیر ہوگئ۔
بھارت کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اب صرف نیوزی لینڈ اور افغانستان کے میچ کا انتظار کرنا ہوگا، اس میچ میں اگر نیوزی لینڈ فاتح ہوئی تو بھارت اور افغانستان ایونٹ سے باہر ہوجائیں گے۔
افغانستان کی فتح کی صورت میں بھارت کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات بہت حد تک روشن ہوجائیں گے۔