آئی سی سی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ٹورنامنٹ کو بھلے ہی یواے ای اور عمان میں منعقدکیا جائے گا لیکن اس کی میزبانی بی سی سی آئی ہی کرے گا۔
آئی سی سی کے قائم مقام چیف ایگزیکٹیو افسر (سی ای او) جیوف ایلارڈس نے اپنے بیان میں کہا کہ 'ہماری ترجیحات آئی سی سی مرد ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کو مکمل طور سے محفوظ اور اس کی موجودہ ونڈو میں منعقد کرنا ہے۔ ہم بھارت میں عالمی کپ کی میزبانی نہ ہونے سے مایوس ہیں۔ موجودہ فیصلے سے ہمیں یقین ملتا ہے کہ ہمیں ایک ایسے ملک میں عالمی ٹورنامنٹ کا انعقاد کرنے کی ضرورت ہے جو بایو ببل ماحول میں ملٹی ٹیم ایونٹ کا ایک ثابت بین الاقوامی میزبان ہے۔
اس پر بی سی سی آئی صدر سورو گنگولی نے کہا کہ 'بی سی سی آئی، یواے ای اور عمان میں ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے کے لیے پُرجوش ہے۔ ہم بھارت میں اس کی میزبانی کرکے زیادہ خوش ہوتے لیکن کورونا وبا کی صورتحال اور ورلڈ چیمپئن شپ کی اہمیت کی سبب غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر بی سی سی آئی اب اس ٹورنامنٹ کی میزبانی یواے ای اور عمان میں کرے گا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے چار مقامات، دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم، ابوظہبی میں شیخ زید اسٹیڈیم، شارجہ اسٹیڈیم اور عمان کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ کو منتخب کیا گیا ہے۔
ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں 8 کوالیفائنگ ٹیموں کو عمان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تقسیم کیا جائے گا۔
پہلے راؤنڈ کی چار ٹیمیں سُپر 12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ سُپر 12 میں بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، پاکستان، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور افغانستان کا براہ راست داخلہ ہے جبکہ پہلے راؤنڈ میں مقابلہ کرنے والی 8 ٹیمیں بنگلہ دیش، سری لنکا، آئرلینڈ، نیدرلینڈز، اسکاٹ لینڈ، نامیبیا، عمان اور پاپوا نیو گنی ہیں۔