لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان ٹی۔20 سیریز کا دوسرا میچ کھیلا گیا۔ جس میں مہمان افریقہ نے ٹاس جیت کر میزبان پاکستان کو بلے بازی کی دعوت دی۔ پاکستان نے وکٹ کیپر محمد رضوان کے 51 اور فہیم اشرف کے 30 تیز رفتار رنوں کی مدد سے 7 وکتس پر صرف 144 رنز ہی بناسکی۔ پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 145 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جنوبی افریقہ نے 16اعشاریہ 2 اوورز میں ہی 4 وکٹ پر ٹارگیٹ حاصل کرلیا۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے رِضا ہینڈرکس اور پائٹ وین بِلجون نے 42، 42 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ پہلے اور دوسری وکٹ تیسرے اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کرلیں، تاہم اس موقع پر ہینڈرکس اور بِلجون نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ دونوں کی بیٹنگ کے دوران اور بعد میں بھی ایک بھی موقع پر ایسا نہیں لگا کہ میچ جنوبی افریقی ٹیم کے ہاتھوں سے نکل گیا یا پاکستانی ٹیم نے میچ میں واپسی کی۔
تیسری وکٹ پر دونوں جنوبی افریقی بیٹسمینوں نے اسکور میں 77 رنز کا اضافہ کیا، 98 رنز پر ہینڈرکس کو عثمان نے پویلین بھیجا بھیجا اس کے بعد بِلجون کو 105 پر نواز نے پویلین کی راہ دکھائی۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے ڈیوڈ میلان اور کپتان ہنری کلاسن نے 17 ویں اوور میں ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ ڈیوڈ میلان 25 اور ہنری کلاسن 17 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے 2 عثمان اور محمد نواز نے 1،1 وکٹ اپنےنام کی۔
اس سے قبل جنوبی افریقی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جب کہ گزشتہ میچ میں وہ صرف 3 رنز سے ہار گئی تھی۔ جنوبی افریقی ٹیم نے اُسی اسٹیڈیم پر دوسرے میچ میں فتح کے ساتھ پہلے مقابلے میں شکست کا داغ دھو دیا۔ اس طرح سیریز کے تیسرے مقابلے کی اہمیت فائنل جیسی ہوگئی ہے۔ جو کہ لاہور ہی کے قذافی اسٹیڈیم میں آج 14 فروری اتوار کو کھیلا جائے گا۔