ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی پی ایل کے 11 ویں میچ میں پنجاب کنگز کے مینک اگروال (69) اور کپتان لوکیش راہل (61) کی شاندار نصف سنچریوں کے ساتھ اور بہترین پارٹنرشپ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز کا مشکل اسکور بنایا لیکن دہلی نے 18.2 اوورز میں چار وکٹوں پر 198 رنز بنا کر آسان فتح حاصل کرلی۔ تین میچوں میں دہلی کی یہ دوسری جیت ہے جبکہ پنجاب کو تین میچوں میں اپنی دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

قبل ازیں میچ کی شروعات میں دہلی کیپیٹلز نے ٹاس جیت کر پنجاب کنگز کو بلے بازی کی دعوت دی تھی لیکن اس کا یہ فیصلہ غلط ثابت ہوا اور پنجاب کے سلامی بلے باز کے ایل راہل اور مینک اگروال نے پہلے وکٹ کے لیے 122 رنوں کی پارٹنرشپ کر کے مضبوط اسکور کی بنیاد رکھی۔
راہل اور مینک نے میدان کے چاروں جانب شاٹس لگائے اور 12.4 اوورز میں 122 رنز کی پارٹنرشپ کی۔ مینک تیزی سے سنچری کی جانب بڑھ رہے لیکن بدقسمتی سے لقمان میری والا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 36 گیندوں میں 69 رنوں کی جارحانہ اننگ کھیلی۔

افتتاحی جوڑی ٹوٹنے کے بعد پنجاب کے رنوں کی رفتار تھوڑی دھیمی ہوگئی اور مقررہ 20 اوورز میں 95 رنز بن سکے۔ مینک کے بعد، کے ایل راہل نے محاذ سنبھالا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن وہ بھی زیادہ دیر کریز پر نہیں ٹک سکے اور 61 رنز بنا کر کگیسو رباڈا کا شکار بن گئے۔

دونوں افتتاحی بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کرس گیل نے 11 رنز، دیپک ہُڈا نے 22 رنز اور شاہ رخ خان نے 15 رنز بنائے۔ دہلی کیپٹلز کی جانب سے کرس ووکس، لقمان میری والا، کگیسو رباڈا اور اویش خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کئے۔
