ممبئی: تجربہ کار بھارتی بلے باز چیتشور پجارا اور سوریہ کمار یادو کو 28 جون سے بنگلورو میں شروع ہونے والی 2023 دلیپ ٹرافی کے لیے ویسٹ زون کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ان دونوں کھلاڑیوں کو یشسوی جیسوال اور رتوراج گائیکواڈ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ جیسوال اور گائیکواڈ دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے بھارتی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ گجرات کے اوپنر پریانک پنچال ویسٹ زون کے کپتان ہوں گے۔ پجارا کو اس ماہ کے شروع میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل میں ہندوستان کی شکست کے بعد ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔
پجارا ڈبلیو ٹی سی فائنل میں صرف 14 اور 27 ہی بنا سکے کیونکہ ہندوستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں 209 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستانی ٹیم سے پجارا کے اخراج نے بھلے ہی تنازعہ کو جنم دیا ہو، لیکن ہندوستان کے تجربہ کار نمبر تین بلے باز نے آئندہ ڈومیسٹک سیزن کے لیے اپنے آبائی شہر راجکوٹ میں ٹریننگ شروع کر دی ہے۔ دفاعی چیمپئن ویسٹ زون کو 5 جولائی کو سیمی فائنل میں براہ راست انٹری ملے گی جہاں ان کا مقابلہ سینٹرل زون یا ایسٹ زون سے ہوگا۔ دلیپ ٹرافی کے بعد پجارا سسیکس کے ساتھ اپنے کاؤنٹی وعدوں کو پورا کرنے کے لیے انگلینڈ بھی جا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: India's squads for West Indies Tests and ODI ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے اور ٹیسٹ کے لیے اسکواڈ کا اعلان، پجارا باہر
دوسری جانب دلیپ ٹرافی سوریہ کمار کے لیے فرسٹ کلاس کرکٹ میں خود کو ثابت کرنے کا ایک اور موقع ہے۔ انہوں نے فروری میں آسٹریلیا کے خلاف بارڈر-گواسکر ٹرافی کے افتتاحی میچ میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا، لیکن اگلے تین میچوں سے باہر ہو گئے۔ وہ اب تک فرسٹ کلاس کرکٹ میں 133 اننگز میں 44.45 کی اوسط سے 5557 رنز بنا چکے ہیں جس میں 14 سنچریاں اور 28 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ سوریہ کمار ویسٹ انڈیز کے خلاف برج ٹاؤن میں 27 جولائی سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے ہندوستانی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ وہ اس کے بعد ہونے والی ٹی۔ٹوئنٹی سیریز کا بھی حصہ ہوں گے، حالانکہ 12 جولائی کو ہونے والے دلیپ ٹرافی کے فائنل کے ساتھ سوریہ کمار کے دلیپ ٹرافی کے لیے پوری طرح دستیاب ہونے کی امید ہے۔
یو این آئی