پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا نے شائقین اور کھلاڑیوں کے لیے آج کے دن کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ 'سیکورٹی کے خطرے پر یکطرفہ انداز اپناتے ہوئے دورہ منسوخ کرنا بہت مایوس کن ہے خاص طور پر جب آپ یہ شیئر نہ کریں۔'
رمیز راجہ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں نیوزی لینڈ بورڈ پر کڑی تنقید کی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ 'سکیورٹی کے خطرے کا کہہ کر یکطرفہ طور پر دورہ ختم کرنا کافی پریشان کن ہے۔ خاص کر جب یہ (سکیورٹی الرٹ) شیئر نہ کیا جائے۔ نیوزی لینڈ کس دنیا میں رہ رہا ہے؟ نیوزی لینڈ سے اب بات آئی سی سی میں ہوگی۔'
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'سیریز پاکستان کرکٹ کے لاکھوں شائقین کے لیے مسکراہٹیں واپس لا سکتی تھی'۔ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے اپنی سکیورٹی ایجنسیوں کی صلاحیتوں اور ساکھ پر پورا بھروسہ ہے، وہ ہمارا فخر ہیں اور ہمیشہ رہیں گے'۔
سابق باؤلر عمر گل نے اسے کرکٹ کے کھیل کے لیے افسوسناک دن قرار دیا اور کہا کہ 'جہاں پاکستان کرکٹ کی بحالی کی راہ پر گامزن ہے وہیں ایسے موقع پر یہ بدقسمت موڑ آیا ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان کی سیکیورٹی ایجنسی دنیا کی بہترین سیکورٹی ایجنسیوں میں سے ایک ہے اور جب آپ کو اس قسم کی سیکورٹی ملتی ہے تو آپ محفوظ ہوتے ہیں'۔
سابق آسٹریلیائی تیز گیندباز جیسن گلیسپی نے لکھا کہ آج کا دن پاکستان کرکٹ اور اس کے شائقین کے لیے انتہائی مایوس کن رہا ہے۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان آج سے (17 ستمبر) یک روزہ سیریز کا آغاز ہونے والا تھا۔ بتا دیں کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے اور 5 ٹی 20 میچ کی سیریز ہونی تھی۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو سال 2003 کے بعد اپنا پہلا میچ پاکستانی سرزمین پر کھیلنا تھا۔
(یو این آئی۔ )