سرینگر: بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے ان کھلاڑیوں کی فہرست جاری کی ہے جن کی نیلامی 19 دسمبر 2023 کو دبئی میں منعقد ہونے والی آئی پی ایل 2024 کے آکشن کے دوران کی جائیں گی۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب یہ تقریب بھارت سے باہر منعقد کی جا رہی ہے۔ اس آکشن میں مجموعی طور پر 333 کھلاڑیوں کی نیلامی کی جائے گی، جس میں جموں و کشمیر کے نو کھلاڑیوں سمیت 214 بھارتی کھلاڑی، 119 غیر ملکی کھلاڑی اور دو ایسوسی ایٹ ممالک کے کھلاڑی شامل ہیں۔
جموں و کشمیر کے یہ نو کھلاڑیوں جموں اینڈ کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن (جے کے سی اے) کی نمائندگی بھی کر رہے ہیں، جن میں سے پانچ، منیت سنگھ جسروٹیا، باسط بشیر، وسیم بشیر، مجتبیٰ یوسف، اور راسخ سلام ڈار گیندباز ہیں، جبکہ دیگر چار کھلاڑی، ویورنت شرما، ناصر لون، عابد مشتاق اور شبھم سنگھ پنڈر آل راؤنڈ ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ان میں سے کسی کو بھی ابھی تک قومی ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے۔ لیکن راسخ سلام ڈار نے 2019 میں روہت شرما کی قیادت والی ممبئی انڈینز کے لیے تین میچ کھیلے تھے۔ جموں و کشمیر کے یہ کھلاڑی پہلے ہی آئی پی ایل ٹیموں کے ساتھ ٹرائی آؤٹ میں حصہ لے چکے ہیں اور ان کی 20 لاکھ روپے کی بنیادی قیمت پر نیلامی کی جا رہی ہے۔ نیلامی دبئی وقت کے مطابق 19 دسمبر کو دوپہر 1 بجے جبکہ بھارتی وقت کے مطابق دوپہر 2:30 بجے شروع ہوگی۔
بی سی سی آئی کی فہرست سے ظاہر ہوتا ہے کہ دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز منیت سنگھ جسروتیا 303 ویں نمبر پر ہیں، بائیں ہاتھ کے فاسٹ میڈیم پیسر باسط بشیر کو 270، دائیں ہاتھ کے میڈیم پیسر وسیم بشیر کو 271 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔ بائیں ہاتھ کے میڈیم فاسٹ باؤلر مجتبیٰ یوسف 312 ویں نمبر پر ہیں اور دائیں ہاتھ کے میڈیم پیسر راسخ سلام ڈار 58ویں نمبر پر ہیں۔
آل راؤنڈر شبھم سنگھ پندر، ناصر لون، عابد مشتاق، اور ویورنت شرما اس فہرست میں بالترتیب 49، 209، 213 اور 221 ویں نمبر پر ہیں۔ ناصر ایک تیز گیند کرنے والے آل راؤنڈر ہیں، جبکہ ویورنت ایک بیٹنگ آل راؤنڈر ہیں۔ اسی طرح عابد، جسے کشمیر کا رویندرا جڈیجا کہا جاتا ہے، شبھم سنگھ پنڈر جموں و کشمیر کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان ہیں اور ایک خالص مڈل آرڈر بائیں ہاتھ کے بلے باز ہیں۔
یہ بھی پڑھیں