ٹاس ہارنے کے بعد پہلے کھیلتے ہوئے ولیمسن نے ایک سرے پر ٹک کر 48 گیندوں پر 10 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 85 رنز کی بہترین اننگز کھیلی اور ویسٹ انڈیز کے مارلون سیموئلز کے 2016 ٹی-20 عالمی کپ کے فائنل میں ناقابل شکست 85 رنزبنانے کے بہترین اسکورکی برابری کی۔
کیوی کپتان نے پہلے 10 اوورز میں 19 گیندوں پر صرف 18 رنز بنائے لیکن اس کے بعد جارحانہ رخ اختیار کرتے ہوئے 29 گیندوں میں 67 رن بناڈالے۔ ولیمسن نے مچل اسٹارک کے اننگ کے 16ویں اوور میں چار چوکے اور ایک چھکا لگا کر 22 رنز بنائے۔ وہ 18ویں اوور کی پانچویں گیند پر چوتھے بلے باز کے طور پر جوش ہیزل ووڈ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ ہیزل ووڈ نے چار اوورز میں صرف 16 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
یہ بھی پڑھیں:
جے وردھنے اور پولک آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل
اوپنر مارٹن گپٹل نے 35 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 28 رن، ڈیرل مچل نے آٹھ گیندوں میں ایک چھکے کی مدد سے 11، گلین فلپس 17 گیندوں میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 18، جیمز نیشم سات گیندوں میں ایک چھکا کی مدد سے ناٹ آؤٹ 13 اور ٹم سیفرٹ نے چھ گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے ناٹ آوٹ آٹھ رن بنائے۔
یواین آئی