نئی دہلی: نیوزی لینڈ اور سری لنکان کے درمیان ویلنگٹن میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو شکست دے دی۔ کیویز نے یہ میچ ایک اننگز اور 58 رنز سے جیت لیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 2-0 سے وائٹ واش کر دیا۔ کیوی ٹیم کو میچ جتوانے میں کین ولیمسن اور ہنری نکولس نے اہم کردار ادا کیا۔ دونوں نے پہلی اننگز میں ڈبل سنچریاں اسکور کیں۔ نیوزی لینڈ ٹیم نے اس میچ میں پہلی اننگز 4 وکٹوں پر 580 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی۔ جب کہ سری لنکن ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 164 رنز بنا سکی۔ اس کے بعد کیویز نے مہمانوں کو فالو آن دیا۔ سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں 358 رنز بنا سکی اور اس طرح نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو ایک اننگ اور 58 رنز سے شکست دے دی۔
ویلنگٹن میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کے سابق کپتان کین ولیمسن نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 215 رنز بنائے۔ اس کے ساتھ ہی ہنری نکولس نے بھی سابق کپتان کی پیروی کرتے ہوئے 200 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان دونوں کے علاوہ ڈیون کونوے 78 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس طرح نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز 4 وکٹوں پر 580 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی۔ سری لنکا کی جانب سے پربھات جے سوریا اور دھننجے ڈی سلوا نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز کے خلاف بیٹنگ میں سری لنکن ٹیم بے بس نظر آئی۔ مہمان ٹیم پہلی اننگز میں صرف 164 رنز بنا سکی۔ اس کے بعد کیویز نے سری لنکا کو فالو آن دیا۔ حالانکہ سری لنکا کے کچھ کھلاڑیوں نے دوسری اننگز میں اچھی اننگز کھیلی۔ لیکن نیوزی لینڈ کی سخت گیند بازی کے سامنے سری لنکن بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ مہمانوں کی دوسری اننگز پر نظر ڈالیں تو دھننجے ڈی سلوا 98، دنیش چندیمل 62، دیموتھ کرونارتنے 51 اور کوسل مینڈس نے 50 رنز بنائے، لیکن یہ اننگز ٹیم کی شکست کو نہ ٹال سکیں۔
سری لنکا کی پوری ٹیم ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز دوسری اننگز میں 358 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے ٹم ساؤتھی اور بلیئر ٹکنر نے 3-3 وکٹیں حاصل کیں۔ جب کہ مائیکل بریسویل 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ وہیں میٹ ہنری اور ڈگ بریسویل نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔ میچ میں 200 رنز بنانے والے ہنری نکولس کو پلیئر آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی پوری سیریز میں شاندار بلے بازی کرنے والے کین ولیمسن کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔
مزید پڑھیں: