امریکہ کی یک روزہ کرکٹ ٹیم کی ذمہ داری USA ODI Captaincy بھارتی نژاد امریکی کرکٹر کو سونپی گئی ہے جن کا نام مونانک پٹیل ہے۔
اس سے قبل امریکی ٹیم کی کپتانی سوربھ نیتروالکر کر رہے تھے۔ انہوں نے دو ماہ قبل ہی ٹی 20 کی کپتانی بھی چھوڑ دی تھی اور تب بھی ان کی جگہ مونانک کو ہی ٹی 20 کی کپتانی سونپی گئی تھی۔
امریکی کرکٹ کی جانب سے پریس ریلیز کے ذریعے اس بات کا اعلان کیا گیا۔حالانکہ اس میں یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا سوربھ اپنی مرضی سے یہ عہدہ چھوڑ رہے ہیں جیسا کہ ان کے اکتوبر میں ٹی 20 کی کپتانی چھوڑنے کے وقت ہوا تھا۔
امریکی کرکٹ ذرائع کے مطابق ورلڈ کپ لیگ 2 میں طویل وقت تک مایوس کن کارکردگی کے بعد سلیکٹرز پچھلے کچھ وقت سے سوربھ کی جگہ کسی دوسرے کھلاڑی پر نظر رکھ رہے تھے اس لیے یہ قیاس آرائیوں کا موضوع ہے کہ کیا سوربھ نے خود سلیکٹرز کو چھوٹے فارمیٹ میں اپنی ذمہ داری سے آزاد ہونے کے لیے کہا۔
مونانک پٹیل کو یک روزہ کا کپتان بنائے جانے کے بعد سوربھ نے ایک بیان میں کہا کہ 'مجھے عمان میں کوالیفائنگ ڈویژن تھری کے قیمتی لمحات کے لیے ایک لیڈرکے طور پر امریکہ کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'نامیبیا میں تاریخی ون ڈے جیت، فلوریڈا میں ڈبلیو سی ایل کے بہت سے میچ جیتنا اور سُپر 50 ٹورنامنٹ میں مضبوط ٹیموں کے خلاف جیت میرے دل میں ایک خاص مقام رکھتی ہے۔ یہ ٹیم میرے دوسرے خاندان کی طرح ہے۔ ہم نے جہاں سے شروع کیا تھا وہاں سے بہت آگے نکل آئے ہیں۔
سوربھ نے مزید کہا کہ 'میں بنیادی طور پر ٹیم میں ایک سینئر فاسٹ بولر کے طور پر اپنے کردار پر توجہ مرکوز کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ میں مونانک اور آرون کے لیے اپنی نیک خواہشات اور مکمل تعاون کرنا چاہوں گا اور مجھے یقین ہے کہ ہم مل کر اس ٹیم کو ایک خاندان کے طور پر آگے بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ '2023 میں بھارت ہونے والے یک روزہ ورلڈ کپ میں کھیلنا ہمارا خواب ہے اور ہم اسے پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔