میلبورن: دنیا بھر میں کرکٹ کے شائقین سب سے زیادہ دلچسپی سے اگر کسی مقابلے کو دیکھنا پسند کرتے ہیں تو وہ مقابلہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کا ہے۔ رواں برس کھیلے گئے T20 ورلڈ کپ 2022 میں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ T20 ورلڈ کپ کے دوران کھیلے گئے میچ کی کامیابی کو دیکھ کر میلبورن کرکٹ کلب (MCC) دونوں ممالک کے درمیان ٹیسٹ میچ کی میزبانی کرنا چاہتا ہے۔ MCC جو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (MCG) کا انتظام کرتا ہے، اور وکٹورین حکومت نے حال ہی میں کرکٹ آسٹریلیا (CA) کے ساتھ بھارت اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ میچ کی میزبانی کے بارے میں بات چیت کی ہے۔ MCC Expresses Interest to Host Indo-Pak Test
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم سی سی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اسٹورٹ فاکس نے اکتوبر میں یہاں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ کی شاندار کامیابی کے پیش نظر بھارت اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ میچ کے انعقاد میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ان دونوں ممالک کے درمیان کھیلے گئے اس میچ میں 90 ہزار سے زائد تماشائی موجود تھے۔ فاکس نے SEN ریڈیو کو بتایاکہ "یقینی طور پر یہ بہت اچھا ہو گا کہ MCG میں لگاتار تین ٹیسٹ میچ ہوں۔ سٹیڈیم ہر بار کھچا کھچ بھرا ہو گا۔ ہم نے اس بارے میں معلومات لی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ “ہم نے اس بارے میں کرکٹ آسٹریلیا سے بات کی ہے۔ میں جانتا ہوں کہ (وکٹوریہ) حکومت نے بھی ایسا ہی کیا ہے۔ میں جانتا ہوں کہ مصروف شیڈول کے ساتھ یہ بہت مشکل ہے، اس لیے مجھے لگتا ہے کہ یہ شاید ایک بڑا چیلنج ہے۔ فاکس نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا کو اس بارے میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے بات کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا اس بارے میں آئی سی سی سے بات کرتا رہے گا اور اس پر اصرار کرتا رہے گا۔ جب آپ دنیا بھر میں بہت سے خالی اسٹیڈیم دیکھتے ہیں تو مجھے لگتا ہے کہ ایک کھچا کھچ بھرا اسٹیڈیم اور وہاں کا ماحول کھیل کے لیے بہتر ہوگا۔
واضح رہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ ٹیسٹ سیریز آخری بار سنہ 2007 میں کھیلی گئی تھی۔ اس کے بعد ان کا سامنا صرف آئی سی سی یا ایشین کرکٹ کونسل کے ٹورنامنٹس میں ہوا ہے۔ فاکس کو امید ہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے اس میچ میں بھی اسٹیڈیم بھارت اور پاکستان کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ کی طرح کھچا کھچ بھرا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ "جس طرح کا ماحول پاکستان اور بھارت کے درمیان اس میچ میں تھا میں نے اس سے پہلے کبھی ایم سی جی میں ایسا ماحول نہیں دیکھا تھا۔ ہر گیند کے بعد شور بے مثال تھا۔ لوگوں نے اپنے گھر والوں اور بچوں کے ساتھ اس کا بھرپور لطف اٹھایا۔
مزید پڑھیں: