بنگلورو: گزشتہ روز منگل کی رات کھیلے گئے فائنل میں ہندوستان نے کویت کو شوٹ آؤٹ میں 5-4 سے شکست دی۔ جیت کے بعد ہندوستانی فٹبالر جیکسن نے منی پور کے ایک نسلی گروپ میتئی کے سات رنگوں کا جھنڈا پہن کر تمغہ قبول کیا، جس نے سوشل میڈیا پر توجہ مبذول حاصل کی۔ جیکسن نے ٹویٹ کرتے ہوئے واضح کیا کہ پیارے مداح، میرا مقصد اس جھنڈے کے نیچے جشن منا کر کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں تھا۔ میں لوگوں کی توجہ ان مسائل کی طرف مبذول کرانا چاہتا تھا جن کا میری ریاست منی پور اس وقت سامنا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ آج کی جیت تمام ہندوستانیوں کو وقف ہے۔ مجھے امید ہے کہ میری آبائی ریاست منی پور میں امن لوٹ آئے گا۔ آج سٹیڈیم آکر ٹیم کو سپورٹ کرنے پر تمام شائقین کا شکریہ۔‘ اس سے قبل جیکسن نے میچ کے بعد میڈیا سے کہا تھاکہ یہ میرا منی پور کا جھنڈا ہے۔ میں صرف اپنی ریاست میں ہونے والے واقعات کی طرف لوگوں کی توجہ مبذول کرانا چاہتا ہوں۔ میں ہندوستان اور منی پور کے لوگوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ لڑائی نہ کریں اور امن سے رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Asian Games 2023 ایشین گیمز کیلئے بھارتی ٹیم کا اعلان، نکہت، لولینا اور تھاپا اسکواڈ میں شامل
ای ایس پی این کے مطابق انہوں نے کہاکہمیں امن چاہتا ہوں۔ دو ماہ گزر چکے ہیں اور لڑائی ابھی تک جاری ہے۔ میں ایسے مزید واقعات نہیں چاہتا۔ میں صرف حکومت اور دیگر لوگوں کی توجہ امن کی طرف دلانا چاہتا ہوں۔ میرا خاندان محفوظ ہے لیکن بہت سے خاندان ایسے ہیں جنہوں نے مصیبتیں جھیلیں اور اپنے گھر بھی کھو دیے۔ واضح رہے کہ منی پور مئی 2023 سے تشدد کی زد میں ہے۔ تشدد بنیادی طور پر میتئی اور کوکی برادریوں کے درمیان ہو رہا ہے۔