لاہور: لاہور قلندرز نے مسلسل دوسری بار پاکستان سپر لیگ کا ٹائٹل جیت لیا ہے۔ پی ایس ایل کے فائنل میچ میں شاہین آفریدی کی کپتانی میں لاہور نے محمد رضوان کی ٹیم ملتان سلطانز کو 1 رن سے شکست دے دی۔ آخری گیند پر ملتان سلطان کو میچ جیتنے کے لیے 4 رنز درکار تھے لیکن زمان خان کی گیند پر خوشدل شاہ صرف 2 رنز بنا سکے۔ لاہور مسلسل دوسری مرتبہ خطاب جیتی ہے۔ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 200 رنز بنائے اور ملتان کو جیت کے لیے 201 رنز کا ہدف رکھا۔
لاہور کی جانب سے مرزا بیگ (30) نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔ بیگ 18 گیندوں میں 5 چوکے اور 1 چھکا لگانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد عبداللہ شفیق نے ذمہ داری سنبھالی۔ عبداللہ شفیق نے 40 گیندوں میں 8 چوکے اور دو چھکے کی مدد سے 65 رنز کی اننگ کھیلی۔ وہیں فخر زماں (39) رنز کی اننگ کھیلی، سیم بلنگز (9)، احسان بھٹی (0) اور سکندر رضا (1) سستے میں آؤٹ ہوئے۔ کپتان شاہین آفریدی نے صرف 15 گیندوں پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 44 رنز بنائے۔ ان اننگز کی مدد سے لاہور نے 6 وکٹوں پر 200 رنز بنائے۔ ٹیم نے آخری 5 اوورز میں 85 رنز بنائے۔ ملتان کی جانب سے عثمان میر نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کنگز نے پی ایس ایل 2020 کا خطاب اپنے نام کیا
ملتان سلطانز نے 201 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 199 رنز ہی بنا سکی اور اسے ایک رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ عثمان خان اور محمد رضوان نے ملتان کو تیز شروعات دلائی۔ چوتھے اوور میں جب عثمان آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا سکور 41 رنز تھا۔ تیسرے نمبر پر اترنے والے ریلی روسو نے بھی طوفانی کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 32 گیندوں میں 7 چوکے اور 2 چھکے کی مدد سے 52 رنز بنائے۔ راشد خان نے انہیں بولڈ کیا۔ رضوان 34 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ وہیں کیرون پولارڈ نے 19 رنز جبکہ خوشدل شاہ نے 12 گیندوں میں 25 رنز کی اننگ کھیلی۔ آخری تین اوورز میں ملتان کو جیت کے لیے 41 رنز درکار تھے لیکن ٹیم 39 رنز ہی بنا سکی۔ شاہین آفریدی کو پلیئر آف دی میچ جبکہ ملتان سلطانز کے کھلاڑی احسان اللہ کو پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔