کرائسٹ چرچ: کین ولیمسن نے نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑ دی ہے اور پاکستان کے آئندہ دورے پر ٹم ساؤتھی کھیل کے طویل ترین فارمیٹ میں بلیک کیپس کی قیادت کریں گے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی) نے جمعرات کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہاکہ "کین ولیمسن بلیک کیپس ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑ دیں گے، جب کہ ٹم ساؤتھی ٹیم کی کمان سنبھالیں گے۔ ولیمسن ایک روزہ اور ٹی 20 کرکٹ میں بلیک کیپس کی قیادت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر تینوں فارمیٹس میں کھیلنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔" Kane Williamson To Step Down As New Zealand Test Captain
بیان میں کہا گیا کہ "نیوزی لینڈ کے لیے 346 بین الاقوامی میچ کھیل چکے ساؤتھی اس ماہ کے پاکستان کے ٹیسٹ دورے پر نیوزی لینڈ کے 31ویں ٹیسٹ کپتان بن جائیں گے۔ ولیمسن کی غیر موجودگی میں ذمہ داری سنبھالنے والے ٹام لیتھم نائب کپتان ہوں گے"۔
نیوزی لینڈ کے سب سے کامیاب ٹیسٹ کپتان ولیمسن نے اپنے چھ سالہ دور میں 40 میچوں میں ٹیم کی قیادت کی۔ نیوزی لینڈ نے ان 40 میچوں میں سے 22 جیتے، جبکہ اسے 10 میں شکست ہوئی اور آٹھ میچ ڈرا ہوئے۔ ولیمسن نیوزی لینڈ کے لیے سب سے زیادہ میچ جیتنے کے معاملے میں صرف اسٹیفن فلیمنگ (28 فتوحات) سے پیچھے ہیں، جنہوں نے 80 میچوں میں نیوزی لینڈ کی کپتانی کی تھی۔ نیوزی لینڈ کے لیے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے والے کپتان ولیمسن نے کہا کہ یہ کپتانی چھوڑنے کا صحیح وقت تھا۔
مزید پڑھیں:
یو این آئی