لکھنؤ: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وراٹ کوہلی نے اہلیہ انوشکا شرما کے ساتھ جمعہ کو نوابوں کی نگری لکھنؤ کی سرزمین پر قدم رکھا۔ آئی پی ایل 2023 میں کے ایل راہل کی زیر قیادت لکھنؤ سپر جائنٹس یکم مئی کو یہاں اٹل بہاری ایکانا اسٹیڈیم میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی ) کے ساتھ ٹکرائے گی۔ اسٹارڈم کا نتیجہ ہے کہ اسپانسرز نے شائقین کے رجحان کو دیکھتے ہوئے ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔ لکھنؤ کے کرکٹ شائقین وراٹ اور انوشکا کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے ہوائی اڈے سے گومتی نگر کے ہوٹل حیات تک قطار میں کھڑے نظر آئے۔ آر سی بی ٹیم کے کئی کھلاڑی لکھنؤ پہنچ چکے ہیں۔ آج انہوں نے ہوٹل میں آرام کیا اور ہفتہ کو وہ نیٹ پریکٹس کے لیے ایکانا اسٹیڈیم پہنچیں گے۔
وراٹ کی میدان میں اور انوشکا کی تماشائیوں کی گیلری میں آمد کے ساتھ ہی یہ میچ شائقین کے لیے بہت پرجوش ہو گیا ہے اور شاید یہی وجہ ہے کہ مہنگے ٹکٹوں کے باوجود ٹکٹوں کی فروخت بدستور جاری ہے۔ یہ میچ لکھنؤ کے نقطہ نظر سے بہت اہم ثابت ہوگا۔ وہیں لکھنؤ کی ٹیم نے موہالی گراؤنڈ میں پنجاب کنگز کو 56 رنز سے شکست دے دی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایل ایس جی نے پانچ وکٹوں پر 257 رنز بنائے، جو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی تاریخ کا اب تک کا دوسرا بہترین اسکور ہے۔ رنز کے پہاڑ کے دباؤ میں آنے والے پنجاب کے شیر یکے بعد دیگرے اپنے وکٹ گنواتے رہے اور پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 201 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
یہ بھی پڑھیں: IPL 2023 لکھنؤ کے نوابوں نے دی پنجاب کو شکست
یو این آئی