سری لنکا کرکٹ نے تیز گیند باز دشمنت چمیرا اور اسپن آل راؤنڈر ونندو ہسا رنگا کو متحدہ عرب امارات میں ہونے والے آئی پی ایل کے باقی حصے کے لیے نو آبجکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) دینے کا اتوار کے روز اعلان کیا۔
ٹم ڈیوڈ کے ساتھ دونوں کھلاڑیوں کو آئی پی ایل ٹیم رائل چیلنجرز بینگلور نے متبادل کھلاڑی کے طور پر منتخب کیا ہے کیونکہ ٹیم کو مختلف اسباب سے فن ایلن، اسکاٹ گزیلجن، ایڈم زمپا، ڈینیل سیمس اور کین رچرڈسن کی خدمات نہیں مل پارہی ہیں۔
سری لنکا کرکٹ نے ایک سرکاری بیان میں کہا ’ایس ایل سی نے تکنیکی صلاح کار کمیٹی کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کے بعد کھلاڑیوں کو اجازت دے دی ہے۔ سری لنکا کے جنوبی افریقہ کا دورہ ختم ہونے کے بعد کھلاڑیوں کو 15 ستمبر سے اپنی آئی پی ایل ٹیموں کے ساتھ جڑنے کے لیے این او سی فراہم کردی گئی ہے‘۔
دونوں کھلاڑی ٹی۔ 20 عالمی کپ کے کوالیفائر سے پہلے دو پریکٹس میچ کھیلنے کے لیے 10 اکتوبر کو واپس سری لنکا ٹیم سے وابستہ ہوں گے۔
جو روٹ انگلینڈ کے سب سے کامیاب کپتان بن گئے
ہسا رنگا لیگ اسپنر آل راؤنڈر ہیں اور وہ ہندوستان کے خلاف ٹی۔ 20 سیریز میں پلیئر آف دی سیریز رہے تھے جبکہ پیٹھ اور ٹخنے کی چوٹ سے ابھرنے والے طویل قامت تیز گیند باز چمیرا نے اسی سیریز میں چار وکٹ حاصل کئے تھے۔
آر سی بی، آئی پی ایل میں دوسرے مرحلے میں اپنی مہم کی شروعات 20 ستمبر کو کے کے آر کے خلاف میچ سے ابو ظہبی میں کرے گی۔