نئی دہلی: فارم میں واپس آئے کپتان روہت شرما (65) کی نصف سنچری اور تلک ورما کی 41 رنز کی اننگز کی بدولت ممبئی انڈینس نے منگل کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں دہلی کیپٹلس کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل میں اپنا کھاتہ کھولا۔ دہلی نے اس مقابلے میں اکشر پٹیل (54) اور ڈیوڈ وارنر (51) کی نصف سنچریوں کی مدد سے ممبئی کے سامنے 173 رنز کا ہدف رکھا۔ ممبئی نے یہ ہدف آخری گیند پر حاصل کرکے اس سیزن کی پہلی جیت درج کی۔ دہلی نے 98 رنز پر پانچ وکٹ گنوا دیے تھے لیکن اکشر نے آخری اووروں میں اننگ کو سنبھال لیا۔ انہوں نے آئی پی ایل کی اپنی پہلی نصف سنچری بناتے ہوئے کپتان وارنر کے ساتھ چھٹے وکٹ کے لیے 67 رنز کی بیش قیمتی شراکت داری کی، جس کی مدد سے میزبان ٹیم کو آل آؤٹ ہونے سے قبل باعزت اسکور تک پہنچ سکی۔
روہت اور تلک نے دوسرے وکٹ کے لیے نصف سنچری شراکت داری کرکے ممبئی کو جیت کے بہت قریب پہنچادیا، لیکن دہلی نے چار رنز کے اندر تین وکٹ لے کر میچ میں سنسنی خیزی واپس لادی۔ جب ممبئی کو 12 گیندوں پر 20 رنز درکار تھے، تب ممبئی نے 19ویں اوور میں مستفیض الرحمان کے خلاف 15 رنز جوڑے۔ اینریچ نورتجے نے آخری اوور کی ابتدائی چار گیندوں پر صرف تین رنز دیے، تاہم ٹم ڈیوڈ نے آخری گیند کو مڈ آف کی طرف کھیل کر دو رن چراتے ہوئے ممبئی کو جیت دلائی۔ روہت نے ممبئی کی اننگ کا آغاز کرتے ہوئے دوسری گیند سے ہی جارحیت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے پہلے اوور میں مکیش کمار کو ایک چھکا اور دو چوکا لگاتے ہوئے 14 رنز جوڑے۔ ایشان کشن نے دوسرے اینڈ سے ان کا بخوبی ساتھ دیا اور دوسرے اوور میں مستفیض الرحمان کو تین چوکے لگائے۔ دونوں کے بے باک رویے کی وجہ سے ممبئی چھ اووروں میں 68 رنز تک پہنچ گئی، جو اس سیزن میں پاور پلے میں ان کا سب سے بڑا اسکور ہے۔
پاور پلے کے بعد اسپنروں نے کشن کو پریشان کیا اوروہ 26 گیندوں پر 31 رنز بنانے کے بعد دباؤ میں آکر رن آوٹ ہو گئے۔ تلک ورما کو اپنی لے تلاش کرنے میں کچھ وقت لگا، لیکن روہت نے اپنی بیٹنگ کلاس کو جاری رکھا اور 29 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ تلک نے بھی دوسرے سرے سے ہاتھ کھولے اور روہت کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 68 رنز کی شراکت داری کی۔ یہ شراکت ممبئی کو فتح کے قریب لے گئی، حالانکہ چار رنز کے وقفے میں تین وکٹوں کے گرنے کے ساتھ میچ میں ایک اہم موڑ دیکھنے کو ملا۔ مکیش کمار نے 16ویں اوور کی پانچویں اور چھٹی گیند پر تلک اور سوریہ کمار یادو (0) کو آؤٹ کیا۔ مستفیض نے اگلے اوور میں روہت شرما کو پویلین لوٹا دیا۔
روہت کے آؤٹ ہونے کے بعد ممبئی کو جیت دلانے کی ذمہ داری ٹم ڈیوڈ اور کیمرون گرین پر تھی۔ دونوں نے 19ویں اوور میں مستفیض کو ایک ایک چھکا لگایا۔ ڈیوڈ کو آخری اوور کی دوسری گیند پر ایک زندگی ملی جب مکیش نے شارٹ مڈ آن پر ان کا کیچ چھوڑ دیا۔ ڈیوڈ نے پھر آخری گیند پر دو رن لے کر ممبئی کو ہدف تک پہنچا دیا۔ ممبئی نے ٹاس جیت کرپہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا اور دہلی ابتدائی اوورز میں جارحانہ نظر آئی۔ کپتان روہت شرما نے وکٹ کی تلاش میں چوتھا اوور ہریتک شوقین کو دیا اور انہوں نے پرتھوی شا (15) کو آؤٹ کر کے ممبئی کو پہلی کامیابی دلائی۔
ممبئی کے اسپنرز نے وارنر کو ہاتھ کھولنے کا موقع نہیں دیا، لیکن تیسرے نمبر پر بلے بازی کرنے آئے منیش پانڈے نے کچھ اچھے شاٹس کھیلے اور پاور پلے کے اختتام پر دہلی کو 51 رنز تک لے گئے۔ منیش اور وارنر کے درمیان دوسرے وکٹ کے لیے 43 رنز کی شراکت ہوئی جسے پیوش چاولہ نے منیش کو آؤٹ کر کے توڑا۔ منیش نے 18 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 26 رنز بنائے۔ پیوش نے انہیں آؤٹ کرنے کے بعد روومن پاول اور للت یادو کو بھی آؤٹ کیا، جبکہ ڈیبیو کرنے والے یش دھول ریلی میریڈیتھ کا شکار ہوگئے۔ وارنر مسلسل گرتی وکٹوں کے درمیان چٹان کی طرح کھڑے رہے اور 13ویں اوور سے انہیں اکشر کا سہارا ملا۔ وارنربھلے ہی مسلسل جدوجہد کرتے نظرآئے لیکن اکشر نے اس شراکت میں جارحانہ کردار ادا کیا۔ انہیں 15ویں اوور میں ریتک کی گیند پر زندگی بھی ملی جب لانگ آن پر کھڑے سوریہ کمار یادو ان کا کیچ نہ لے سکے۔
یہ بھی پڑھیں: IPL 2023 سنسنی خیز مقابلے میں لکھنؤ نے آر سی بی کو ایک وکٹ سے شکست دی
ممبئی کو اس کی قیمت چکانی پڑی کیونکہ اکشر نے 25 گیندوں پر چار چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 54 رنوں کی اننگ کھیل کروارنر کے ساتھ 67 رنز کی اہم شراکت داری کی۔ دہلی 18 اوور میں 165 رن کے اسکور تک پہنچ گئی، لیکن بہرینڈارف نے 19 ویں اوور کی پہلی گیند پر اکشر کو آؤٹ کرکے وکٹوں کی جھڑی لگادی۔ بہرنڈورف نے اس اوورمیں صرف ایک رن دیتے وہئے اکشر کے بعد وارنر (47 گیند،51 رن) اور ابھشیک پوریل کو بھی آؤٹ کیا، جبکہ کلدیپ یادو رن آؤٹ ہو گئے۔ میرڈیتھ نے 20ویں اوور کی چوتھی گیند پرنورتجے کو بولڈ کرکے دہلی کی اننگ کا خاتمہ کیا۔ پیوش ممبئی کے بہترین گیندباز رہے اورانہوں نے چار اوور میں صرف 22 رن دے کر تین وکٹ لئے۔ بہرنڈورف نے بھی تین اووروں میں 23 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ میریڈیتھ کو دو اور ہریتھک کو ایک وکٹ ملا۔
یو این آئی