راجستھان رائلز اور چنئی سُپر کِنگز اپنے اپنے گزشتہ مقابلوں میں جیت درج کر چکی ہیں اور اب دونوں ٹیمیں ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ہونے والے مقابلے میں ایک دوسرے کو سخت چیلنج دینے کے ساتھ ساتھ ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری جیت درج کرنا چاہیں گی۔
راجستھان رائلز نے اپنے دوسرے مقابلے میں دہلی کیپیٹلز ٹیم پر آخری اوور میں دلچسپ جیت درج کی تھی جبکہ چنئی نے اپنے گزشتہ میچ میں یکطرفہ انداز میں پنجاب کنگز کو آسانی سے 6 وکٹ سے شکست دی تھی۔
آئی پی ایل کے پہلے کچھ میچوں میں وانکھیڈے اسٹیڈیم کافی رنز بنے لیکن اس کے بعد کچھ میچوں میں گیند نے اپنا جادو دکھایا ہے اور کئی میچوں میں ٹیموں کا مجموعی اسکور 150 رنوں سے نیچے رہا ہے۔
چنئی سُپر کنگز نے جمعہ کو وانکھیڈےاسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں دیپک چہر کی بہترین کارکردگی کی بدولت پنجاب کی ٹیم کو 106 رنز پر سمیٹنے کے بعد 15.4 اوورز میں چار وکٹ گنوا کر ہدف حاصل کر لیا تھا۔
راجستھان رائلز کے اہم تیز گیند باز کرس مورس نے میچ سے قبل کی شام کہا کہ چنئی کے خلاف ہماری تیاریاں پہلے جیسی ہیں۔ حالانکہ کچھ کھلاڑیوں کے لیے ہمارے پاس کچھ منصوبے ہیں لیکن اوور آل ہماری تیاریوں میں کوئی بڑا فرق نہیں آیا ہے۔