صادق خان نے مسقبل میں آئی پی ایل کا انعقاد لندن میں کرانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بی سی سی آئی کے ساتھ اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کے تعلق سے بات کر رہے ہیں۔
صادق خان نے کہا کہ سرے کاؤنٹی کرکٹ کلب نے بھی اس طرح کی خواہش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے پریس ایسوسی ایشن کو بتایا کہ 'میں سرے کاؤنٹی کرکٹ کلب اور دیگر کے ساتھ آئی پی ایل کا انعقاد لندن میں کروانے کے لیے پُر جوش ہوں۔
انہوں نے کہا کہ 'میں نے ہمارے شہر میں کھیلوں کو فروغ دینے کا فائدہ دیکھا ہے۔ میجر لیگ بیس بال ہمارے شہر میں ہوا ہے۔ اس کے علاوہ امریکی فٹ بال بھی یہاں ہوچکا ہے۔'
لندن شہر اس سے قبل نیشنل فٹ بال لیگ (امریکن فٹ بال)، میجر لیگ بیس بال اور نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن جیسے ایونٹس کی میزبانی کر چکا ہے۔
صادق خان نے کہا 'میں چاہتا ہوں کہ لندن میں بھی کھیلوں کا انعقاد ہو جس کی وجہ سے یہ شہر کھیلوں کا دارالحکومت بن سکے۔ میں چاہتا ہوں کہ وراٹ کوہلی بنگلور ٹیم کے ساتھ لندن آئیں۔ اس کے علاوہ مہندر سنگھ دھونی اور روہت شرما کو بھی لندن میں کھیلتے ہوئے دیکھنا پسند کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ 'ہم آئی پی ایل منتظمین سے بات کر رہے ہیں اور ہم نے بھارت میں ٹیموں سے بھی بات کی ہے جبکہ انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) اور دیگر کو بھی اس کے لیے راضی کرنے کی کوشش کریں گے۔
صادق خان نے مزید کہا کہ 'اگر آپ کرکٹ کے پرستار ہیں اور یورپ یا شمالی امریکہ میں رہتے ہیں تو ان کا لندن آنا کافی سستا ہے۔
انہوں نے کہا 'بہت سے کرکٹ کے شائقین ہیں جو آئی پی ایل کو لندن میں ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ بھارتی عوام لندن کو اور لندن کی عوام بھارت کو پسند کرتے ہیں۔