آئی پی ایل فرنچائزی لکھنؤ سُپر جائنٹس Lucknow Super Giants کے کپتان کے ایل راہل پر سلو اوور ریٹ کی وجہ سے 24 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ اس سیزن میں یہ دوسرا موقع ہے جب راہل نے ایسی غلطی کی ہے۔ اس سے قبل بھی ان پر 12 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ کے ایل راہُل پر آئی پی ایل 2022 کے میچ میں ممبئی انڈینز کے خلاف میچ کے دوران سلو اوور ریٹ کی وجہ سے 24 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ آئی پی ایل نے ایک بیان میں کہا کہ 'کے ایل راہُل پر 24 لاکھ روپے اور ٹیم کے دیگر 11 کھلاڑیوں پر 6 لاکھ روپے یا میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔'آئی پی ایل کے ضابطہ اخلاق کے تحت اس سیزن کے کم از کم اوور ریٹ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
واضح رہے کہ اس میچ میں راہل کی سنچری کی بدولت لکھنؤ سُپر جائنٹس نے ممبئی انڈینز کے خلاف 36 رنز کی آسان جیت درج کی۔ آئی پی ایل 2022 کے 37ویں میچ میں لکھنؤ سُپر جائنٹس نے ممبئی انڈینز کو شکست دی تھی۔ اس میچ میں لکھنؤ نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ممبئی انڈینز کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دیا تھا جسے ممبئی انڈینز حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ اس جیت کے ساتھ ہی لکھنؤ سُپر جائنٹس نے پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ 4 میں جگہ بنالی۔ اس میچ میں کے ایل راہل نے بھی ایک نیا ریکارڈ بنایا۔ وہ ایک ہی حریف کے خلاف تین سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔