احمد آباد: دفاعی چیمپئن گجرات ٹائٹنز اور چنئی سپر کنگز کے درمیان ہونے والا انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2023 کا فائنل بارش کی وجہ سے پیر کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔آئی پی ایل نے اتوار کو ٹویٹ کرکے اس کی تصدیق کی۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے ضوابط کے مطابق، آئی پی ایل فائنل کے لیے پیر کو اضافی دن کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں بارش کی وجہ سے فائنل اتوار کو شام 7:30 بجے اپنے مقررہ وقت پر شروع نہیں ہوسکا۔ میچ شروع کرنے کا آخری وقت رات 12:06 تھا لیکن بارش نہ رکنے کے بعد امپائروں نے میچ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔
گجرات اور چنئی اب چیمپئن بننے کے لیے پیر کو آمنے سامنے ہوں گے۔ اگر بارش کی وجہ سے میچ رات 9:35 بجے شروع نہیں ہوتا ہے تو ٹائٹل میچ کے اوورز کم ہونا شروع ہو جائیں گے۔ اگر میچ رات 11 بجکر 56 منٹ پر شروع ہوتا ہے تو دونوں ٹیمیں پانچ پانچ اوورز بیٹنگ کریں گی۔ میچ رات 12:06 بجے شروع ہونے پر فاتح کا فیصلہ سپر اوور سے ہوگا۔
قواعد کے مطابق اگر دوسرے دن بھی فائنل نہیں ہوپاتا ہے تو لیگ مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہنے والی ٹیم آئی پی ایل کا ٹائٹل جیت جائے گی۔ لیگ مرحلے کے اختتام کے بعد گجرات 10 جیت اور چار ہارسمیت 20 پوائنٹس حاصل کرکے ٹیبل پر سرفہرست تھی، جبکہ چنئی آٹھ جیت، پانچ ہار اور ایک ڈرا کے ساتھ 17 پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے دوسرے نمبر پرتھی۔
مزید پڑھیں:IPL 2023 Final ایم ایس دھونی ریکارڈ پانچویں آئی پی ایل خطاب سے ایک قدم دور
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو احمد آباد میں بارش کا 10 فیصد امکان ہے۔
یواین آئی