نئی دہلی: انڈین پریمیئر لیگ میں بلے بازوں کے ساتھ ساتھ بولرز بھی خوب دھوم مچا رہے ہیں۔ آئی پی ایل میں کھیلے گئے میچوں میں کئی گیند بازوں نے اپنی گیند بازی کے دم پر میچ کا رخ موڑ دیا اور اپنی ٹیم کو شکست سے فاتح بنایا۔ آئی پی ایل کھیلنے والی پرانی 8 ٹیموں کے ریکارڈ پر نظر ڈالیں تو معلوم ہوگا کہ 8 ٹیموں کے لیے کھیلنے والے سینکڑوں کھلاڑیوں میں سے صرف 9 کھلاڑی ایسے ہیں جنہوں نے اپنی ٹیم کے لیے 100 سے زائد وکٹیں حاصل کی ہیں۔
اگر ہم سنہ 2008 سے 2022 تک انڈین پریمیئر لیگ میں کھیلنے والے باؤلرز کے اعدادوشمار پر نظر ڈالیں تو پتہ چلے گا کہ پنجاب کنگز اور راجستھان رائلز دو ایسی ٹیمیں ہیں جن کا کوئی بھی کھلاڑی 100 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا، جب کہ چنئی سپر کنگز کے 2 اور ممبئی انڈینز کے 3 کھلاڑی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ دہلی کیپٹلس، کولکاتا نائٹ رائیڈرز، سن رائزرز حیدرآباد اور رائل چیلنجرز بنگلور کے ایک ایک گیند بازوں کے نام یہ ریکارڈ ہے۔
انڈین پریمیئر لیگ میں سنہ 2008 سے 2022 تک کے بولنگ ریکارڈز کی بات کریں تو ممبئی انڈینز کے کامیاب ترین گیند بازوں میں 3 گیند باز رہے ہیں۔ ممبئی انڈینز کے لیے کھیلنے والے گیند بازوں میں لاستھ ملنگا، جسپریت بمراہ اور ہربھجن سنگھ نے ممبئی انڈینز کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔ یہ تینوں گیند باز ممبئی انڈینز کے لیے 100 سے زیادہ وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔ یہ واحد ٹیم ہے جس کے تین بولرز 100 سے زائد وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ لاستھ ملنگا نے 170، جسپریت بمراہ نے 145 اور ہربھجن سنگھ نے 127 وکٹیں حاصل کیں۔
اس کے علاوہ چنئی سپر کنگز کی ٹیم کے ڈوین براوو نے سب سے زیادہ 140 وکٹیں حاصل کیں اور ان کے ساتھی رویندر جڈیجہ 105 وکٹیں لے کر ٹیم کے لیے 100 سے زائد وکٹیں لینے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔
اس کے علاوہ امیت مشرا نے دہلی کیپٹلس کے لیے کل 106 وکٹ لیے ہیں، جب کہ سنیل نارائن نے کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے لیے 152 وکٹ لیے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی بھونیشور کمار سن رائزرز حیدرآباد کے لیے 130 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے ہیں، جب کہ رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم کے لیے یجویندر چہل نے 139 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
اس طرح 6 ٹیموں کے کل 9 کھلاڑی 100 سے زائد وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ کئی کھلاڑی ایسے ہیں جن کی وکٹوں کی تعداد 95 سے 100 کے درمیان ہے، جسے مکمل کرنے کے بعد وہ بھی ان کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو جائیں گے۔
مزید پڑھیں: