لکھنؤ: بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کے باعث گزشتہ دومیچوں میں شکست کا سامنا کرنے والی پنجاب کنگس کے خلاف کے ایل راہل کی زیرقیادت لکھنؤ سپر جائنٹس ہفتہ کو جب اپنے ہوم گراؤنڈ پر اترے گی تو اس کا ہدف جیت کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست پر رہنے کا ہوگا۔ ایکانا اسٹیڈیم کی سست پچ اب تک بلے بازوں کا سخت امتحان لیتی رہی ہے۔ لکھنؤ سپر جائنٹس نے اب تک کھیلے گئے چار میں سے تین میچ میں جیت درج کی ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر گجرات ٹائٹنز کے بعد دوسرے نمبر پر ہے، جب کہ پنجاب نے موجودہ آئی پی ایل سیزن میں شاندار آغاز کیا تھا، لیکن آخری دو میچوں میں اسے قریبی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دونوں ٹیمیں ہفتہ کی شام سات بجے آمنے سامنے ہوں گی۔
کپتان شکھر دھون کے علاوہ پنجاب کنگز کے دیگر بلے بازوں کی کارکردگی اوسط رہی ہے۔ دھون نے اب تک کھیلے گئے چار میچوں میں 233 رنز بنائے ہیں، جب کہ نوجوان کھلاڑی پربھاسمیرن نے بھی پہلے دو میچوں میں کچھ متاثر کیا، لیکن بعد میں وہ بے اثر ثابت ہوئے۔ دوسری طرف لکھنؤ کے سب سے مہنگے کھلاڑی نکولس پورن اور مارکس اسٹوئنس سمیت ٹاپ آرڈر بلے بازوں نے میچ وننگ اننگز کھیلی ہے۔ نکولس نے رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف آخری میچ میں جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو جیت کا تحفہ دیاتھا۔ کپتان سمیت ٹیم انتظامیہ ان سے ایسی ہی ایک اور اننگ کی توقع رکھے گی۔
پنجاب کا مڈل آرڈر اب تک ٹیم مینجمنٹ کے لیے تشویش کا باعث رہا ہے۔ بھانوکا راجا پاکسے، سیم کرن اور جیتیش شرما کو لکھنؤ کی مارک ووڈ، اویش خان، امیت مشرا اور کرونال پانڈیا کی زبردست بولنگ لائن اپ کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ تاہم، ارشدیپ سنگھ کی قیادت میں پنجاب کا بولنگ اٹیک تیز رہا ہے، جو کگیسو ربادا کے اضافے سے مزید تیز ہو گیا ہے۔ یہ میچ کپتان کے ایل راہل کے لیے بھی اپنی فارم دوبارہ حاصل کرنے کا بہترین موقع ہوگا۔
مزید پڑھیں: