ابھیشیک شرما کی ناٹ آوٹ 75 رنز کی بہترین اننگ کی دولت سن رائزرس حیدرآباد نے ہفتہ کو دفاعی چیمپئن چنئی سپر کنگز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر آئی پی ایل میں مسلسل چوتھی شکست کے لئے مجبورکردیا اوراپنی پہلی جیت درج کی۔ چنئی نے اس میچ میں 20 اوور میں سات وکٹ پر 154 کا چیلنجنگ اسکور بنایا لیکن یہ حیدرآباد کو روکنے کے لیے کافی نہیں تھا۔ حیدرآباد نے 17.4 اوور میں دو وکٹ پر 155 رن بنا کر ٹورنامنٹ میں تین میچوں میں اپنے پہلے دو پوائنٹس حاصل کیے۔ چنئی کو اس شکست کے ساتھ مسلسل چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ ٹیبل میں نویں نمبر پر ہے۔ Sunrisers Hyderabad Won by 8 Wickets
حیدرآباد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا درست فیصلہ کیا۔ چنئی نے 25 رنز کے اچھے آغاز کے بعد وقفے وقفے سے اپنے وکٹ گنوائے ۔ معین علی نے 35 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 48 رنز کی سب سے بڑی اننگ کھیلی۔ امباتی رائیڈو نے 27 گیندوں میں 27، کپتان رویندرا جڈیجہ نے 15 گیندوں میں 23 ، رتوراج گائیکواڑ نے 13 گیندوں میں 16 اور رابن اتھپا نے 11 گیندوں میں 15 رنز بنائے۔ مہندر سنگھ دھونی چھ گیندوں پر تین رن بناکر آوٹ ہوئے۔ حیدرآباد کی جانب سے واشنگٹن سندر اور ٹی نٹراجن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد نے 89 رنز کا ٹھوس آغاز کیا۔ کپتان کین ولیمسن 40 گیندوں پر 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جب ابھیشیک دوسرے بلے باز کے طور پر آؤٹ ہوئے تو حیدرآباد کا اسکور 145 تک پہنچ چکا تھا اور وہ جیت کے قریب تھا۔ ابھیشیک نے 50 گیندوں پر 75 رنز کی میچ جیتنے والی اننگ میں پانچ چوکے اور تین چھکے لگائے۔ راہل ترپاٹھی 15 گیندوں پر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 39 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ نکولس پورن پانچ رن پرناٹ آؤٹ رہے۔
یہ بھی پڑھیں: رشبھ پنت آزادی دیتے ہیں اور پونٹنگ ذہنی طاقت پر بات کرتے ہیں: للت یادو