لگاتار سات میچ ہارنے کے بعد آئی پی ایل ٹورنامنٹ سے تقریباً باہر ہو چکی ممبئی انڈینز آج کے میچ میں لکھنؤ سُپر جائنٹس کے خلاف اپنے بکھرے تاروں کو جوڑنے کے ارادے سے اترے گی۔ وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں ممبئی کاہدف ایک عدد جیت حاصل کرنا ہوگا جبکہ لکھنؤ ٹیم ٹاپ چار ٹیموں میں اپنی جگہ مضبوط کرنا چا ہے گی۔ لکھنؤ سات میں سے چار میچ جیت کر آٹھ پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں چوتھے نمبر پر ہے جبکہ ممبئی کو سات میچوں میں ابھی تک ایک بھی جیت نصیب نہیں ہوئی ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل میں سب سے آخری نمبر پر ہے۔ MI vs LSG Match
لکھنؤ سُپر جائنٹس (پلیئنگ الیون): کے ایل راہل(کپتان)،کوئنٹن ڈی کاک (وکٹ کیپر)، منیش پانڈے، کرونال پانڈیا، دیپک ہڈا، آیوش بدونی، مارکس اسٹوائنس، جیسن ہولڈر، محسن خان، دشمننتھ چمیرا، روی بشنوئی
ممبئی انڈینز (پلیئنگ الیون): روہت شرما (کپتان)، ایشان کشن (وکٹ کیپر)، ڈیوالڈ بریوس، سوریہ کمار یادو، تلک ورما، کیرون پولارڈ، ریتک شوکین، ڈینیئل سیمس، جے دیو انادکٹ، ریلی میریڈیتھ، جسپریت بمراہ
ممبئی انڈینز ٹیم جہاں ایک جانب جدوجہد کر رہی ہے تو وہیں سوریہ کمار یادو نے اپنے فارم کو برقرار رکھا ہوا ہے۔ ان کے نام پانچ اننگز میں 58 کی اوسط اور 153.64 کے اسٹرائیک ریٹ سے 232 رن ہیں۔ وانکھیڈے اسٹیڈیم میں بھی سوریہ کا ریکارڈ بہترین ہے اور انہوں نے گزشتہ 10 آئی پی ایل میچوں میں یہاں 35.56 کے اوسط اور 141.59 کے اسٹرائیک ریٹ سے 320 رنز بنائے ہیں۔ ممبئی انڈینز کے خلاف لکھنؤ کے کپتان کے ایل راہل کا بھی ریکارڈ شانداررہا ہے اور انہوں نے 127 کے حیرت انگیز اوسط اور 138.65 کے اسٹرائیک ریٹ سے 635 رنز بنائے ہیں۔ وہ اس سال اپنی ٹیم کی طرف سے بھی سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز ہیں اور 141.71 کے اسٹرائیک ریٹ سے انہوں نے سات اننگز میں 265 رنز بنائے ہیں۔ اس کے علاوہ کوئنٹن ڈی کاک نے ٹورنامنٹ کا آغاز 52 گیندوں میں 80 رنز اور 45 گیندوں میں 61 رنز کی اننگز کے ساتھ کیا تھا۔ تاہم وہ گزشتہ چند میچوں میں چل نہیں پائے ہیں۔ انہوں نے اس سیزن میں سات اننگز میں 30.71 کی اوسط سے 215 رنز بنائے ہیں۔