ردھیمان ساہا 67 رنز کی ذمہ دارانہ اننگ کی بدولت گجرات ٹائٹنز نے چنئی سپر کنگز اتوار کی دوپہر آئی پی ایل میچ میں سات وکٹوں سے شکست دی۔ 133 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے شبھمن گل اور ریدھیمان ساہا نے گجرات کو مضبوط آغاز فراہم کیا اور پاور پلے میں 53 رنز جوڑے۔ آٹھویں اوور کی پہلی گیند پر آؤٹ ہونے سے قبل گل نے 17 گیندوں پر 18 رنز بنائے۔Gujarat Titans beat CSK by seven wickets
میتھیو ویڈ (20) اور ڈیوڈ ملر (15) نے ساہا کا ساتھ دیا جس سے گجرات نے 134 رن کامعمولی ہدف پانچ گیندپہلے ہی حاصل کرلیا۔ اس جیت کے ساتھ گجرات کے 13 میچوں میں 20 پوائنٹس ہو گئے ہیں اور وہ پوائنٹس ٹیبل میں پہلے مقام پر برقرار ہے، جبکہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکی چنئی اپنے 13 میں سے نو میچ ہارنے کے بعد آٹھ پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والی چنئی سپر کنگز کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ ابتدائی چار اوورز میں ٹیم نے صرف 15 رن جوڑے اور اس دوران ڈیون کونوے نو گیند کھیل کر پانچ رنز کے ذاتی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد سلامی بلے بازرتوراج گائیکواڑ اور معین علی نے اننگ کی رفتارمیں اضافہ کرتے ہوئے اگلے دو اووروں میں 32 رنز جوڑے اور پاور پلے کو 47 رنز کے ساتھ ختم کیا۔ دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 39 گیندوں میں 57 رنز بنائے۔ نویں اوور کی چوتھی گیند پر معین علی 17 گیندوں پر 21 رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے اپنی اننگ میں دو چھکے لگائے۔
چنئی نے پہلے 10 اوور میں 73 رن جوڑے لیکن اس کے بعد ٹیم رفتار کو نہیں پکڑ سکی۔ آخری پانچ اووروں میں سی ایس کے نے بغیر کسی باونڈری کے صرف 24 رن جوڑے اور تین وکٹیں گنوا دیں۔
سپر کنگز کے لیے رتوراج گائیکواڈ نے 49 گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 53 رن بنائے۔ این جگدیشن نے 33 گیندوں پر 39 رن بنائے جبکہ کونوے، شیوم دوبے، مچل سینٹنر اور کپتان مہندر سنگھ دھونی دہائی کاہندسہ عبور نہ کر سکے اور چنئی اپنے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر صرف 133 رن ہی بنا سکی۔
گجرات کے گیند بازوں نے انتہائی کفایتی بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ محمد شامی نے اپنے چار اوورز میں 19 رن دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان ہاردک پانڈیا نے اپنے دو اوورز میں صرف آٹھ رن دیے جبکہ الزاری جوزف نے اپنے تین اوورز میں 15 رنز دے کر ایک وکٹ لیا۔ راشد خان اور سائی کشور نے اپنے چار اوورز میں یکساں31 رنز دے کر ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔
ہدف کا تعاقب کرنے اتری گجرات کی قیادت ریدھیمان ساہا نے کی۔ انہوں نے 57 گیندوں میں 67 رنز بنائے جس میں انہوں نے آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ شبھمن گل نے 17 گیندوں میں 18 ، میتھیو ویڈ نے 15 گیندوں میں 20 ، کپتان ہاردک پانڈیا نے چھ گیندوں میں سات رن اور ڈیوڈ ملر نے 20 گیندوں میں 15 رن بنائے۔
چنئی کے لیے متیشا پتیرانہ نے اپنے 3.1 اوورز میں 24 رن دے کر دو وکٹ لیے جبکہ معین علی نے دو اووروں میں 11 رن دے کر ایک وکٹ لیا۔
اس کے علاوہ چنئی کی گیند بازی بہت ہی عام رہی اور ٹائٹنز نے 19.1 اوور میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔67 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیل کر گجرات کوجیت دلانے کے لئے ردھیمان ساہا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
گجرات کو اس سیزن میں کھیلے گئے 13 میچوں میں سے صرف تین میں شکست ہوئی ہے اور وہ 20 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ دوسری جانب چنئی نو میچ ہارنے کے بعد پہلے ہی پلے آف کی دوڑ سے باہرہوچکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: IPL 2022: راجستھان رائلز نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا
یواین آئی