راجستھان رائلز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے تھے جسے بنگلور نے محض 16.3 اوورز میں کوئی وکٹ گنوائے بغیر حاصل کر لیا۔
ہدف کا تعاقب کرنے اتری رائل چیلینجرز بنگلور کی جانب سے وراٹ کوہلی اور دیودت پڈیکل نے 181 رنوں کی پارٹنرشپ کرکے ٹیم کو 10 وکٹوں سے جیت دلا دی۔
اس سے قبل رائل چیلیجرز بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر راجستھان رائلز کو بلے بازی کی دعوت دی تھی جس کے بعد راجستھان نے شیوم دوبے کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت 177 رنز بنائے۔
پہلے بلے بازی کرنے اتری راجستھان ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور محض 43 رنوں پر اس کے 4 بلے باز پویلین لوٹ گئے تھے جس میں جارحانہ بلے باز جوز بٹلر(8 رنز)، منن ووہرا (7 رنز)، کپتان سنجو سیمسن (21 رنز) اور ڈیوڈ ملر(صفر رن) کے وکٹ شامل تھے۔ بنگلور کے تیز گیند باز محمد سراج نے تین وکٹیں لے کر راجستھان رائلز کو بیک فٹ پر دھکیل دیا تھا جس کے بعد ٹیم بحران کا شکار ہوگئی تاہم شیوم دوبے اور راہل تیواتیا نے بہتر بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو مشکلات سے نکالا اور باعزت اسکور تک پہنچایا۔ شیوم دوبے نے 32 گیندوں میں 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے جبکہ راہل تیواتیا نے 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 23 گیندوں میں 40 رنز کی اننگ کھیلی۔ اس کے علاوہ ریان پراگ نے 25 رنز اور کپتان سنجو سیمسن نے 21 رنز بنائے۔
رائل چیلیجرز بنگلور کی جانب سے محمد سراج نے کفایتی گیند بازی کرتے ہوئے 4 اوورز میں محض 27 رنز دے کر 3 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ہرشل پٹیل نے بھی 4 اوورز میں 47 رنوں کے عوض میں 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کائل جیمیسن، کین رچرڈسن اور واشنگٹن سُندر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔