دہلی کیپیٹلز کے کپتان رشبھ پنت نے ٹاس جیت کر چنئی کو بلے بازی کی دعوت دی تھی جس کے بعد سریش رائنا (54 رنز)، سیم کرین (34 رنز) اور معین علی (36 رنز) کی بدولت چنئی نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔
پہلے بلے بازی کرنے اتری چنئی سُپر کنگز کی شروعات اچھی نہیں رہی اور سلامی بلے باز رتو راج گائیکواڑ اور فاف ڈو پلیسس 7 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ گائیکواڑ 5 رنز بنائے انہیں کرس ووکس نے آؤٹ کیا جبکہ ڈو پلیسس کھاتہ کھولے بغیر ہی اویس خان کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
دونوں سلامی بلے بازوں کے سستے میں آؤٹ ہونے کے بعد سریش رائنا اور معین علی نے ٹیم کو سنبھالا اور تیسرت وکٹ کے لیے 53 رنز کی پارٹنرشپ کی۔ اس دوران معین علی نے جارحانہ رخ اختیار کیا اور 24 گیندوں میں 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 36 رنز بنائے جبکہ سریش رائنا نے 36 گیندوں میں 3 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے رواں آئی پی ایل کی پہلی نصف سنچری بنائی۔ رائنا 54 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد جڈیجہ اور رائیڈو نے اسکور سنبھالنے کی کوشش کی۔ ان دونوں نے باترتیب 26 اور 23 رنز بنائے جبکہ کپتان مہندر سنگھ دھونی کھاتہ کھولے بغیر ہی اویس خان کا شکار بنے۔
آخری اوورز میں نوجوان آل راؤںدر سیم کرین نے 15 گیندوں میں 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 34 رنز کی طوفانی اننگ کھیلی۔
دہلی کیپیٹلز کی جانب سے کرس ووکس اور اویس خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ اشون اور ٹام کرین نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔