چنئی میں جمعرات کو آئی پی ایل نیلامی میں آخری بولی ارجن تندولکر کی لگائی گئی۔ ممبئی انڈینز نے انہیں 20 لاکھ کی بنیادی قیمت پر خریدا۔ ارجن نے ٹیم میں شامل ہونے کے بارے میں کوچ، سپورٹ اسٹاف اور ٹیم مالکان کا شکریہ ادا کیا ہے، جب کہ ممبئی انڈینز کے کرکٹ ڈائریکٹر ظہیر خان نے کہا کہ ارجن تندولکر محنتی لڑکا ہے اور اسے خود کو ثابت کرنا پڑے گا۔
ارجن اس سیشن میں ممبئی کی جانب سے سید مشتاق علی ٹرافی کھیل چکے ہیں۔
نیلامی لسٹ میں جب سے ارجن تندولکر کا نام آیا ہے، تبھی سے سوشل میڈیا پر ان کا خوب ٹرول کیا جا رہا ہے۔ نیلامی کے بعد انہیں مزید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
مزید پڑھیں: گلوان جھڑپ میں پانچ چینی فوجی ہلاک ہوئے تھے، چین کا اعتراف
ارجن کو ٹرول کرتے ہوئے بعض صارفین نے الزام عائد کیا کہ ’’انہیں تندولکر کے پہچان کی وجہ سے خریدا گیا ہے۔‘‘
اس پر ارجن کی بہن سارہ تندولکر نے انسٹاگرام کے توسط سے ارجن کے ناقدین کو جواب دیا۔ سارہ نے انسٹاگرام پر اپنے بھائی کو مبارک باد پیش کی اور ساتھ ہی سخت الفاظ میں لکھا کہ ’’کوئی بھی تم سے یہ حصولیابی نہیں چھین سکتا ہے۔ یہ تمہارا حق ہے۔ مجھے تم پر ناز ہے۔‘‘