بی سی سی آئی BCCI نے فیصلہ کیا ہے کہ آئی پی ایل Indian Premier League 2022 ٹورنامنٹ بھارت میں منعقد کیا جائے گا۔ یہ میچ ممبئی میں ہی کھیلے جائیں گے۔ تاہم ایک بار پھر شائقین کو گھر بیٹھے میچ دیکھنا ہوگا۔
نیوز ایجنسی اے این آئی نے بی سی سی آئی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ بی سی سی آئی بورڈ اس سیزن کو بھارت میں منعقد کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ہفتہ 22 جنوری کو بورڈ اور تمام فرنچائز مالکان کے درمیان میٹنگ ہوئی جس میں بورڈ نے اپنی پسند کے بارے میں بتایا۔ تاہم اگر صورتحال مزید خراب ہوئی تو متحدہ عرب امارات اور جنوبی افریقہ کو بھی آپشن کے طور پر رکھا جا رہا ہے۔
نیوز ایجنسی اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق ٹورنامنٹ کے میچ ممبئی کے تین اسٹیڈیم وانکھیڑے، ڈی وائی پاٹل (نوی ممبئی) اور بریبورن اسٹیڈیم (سی سی آئی) میں منعقد کیے جائیں گے۔
بورڈ کے ذرائع نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو پونے میں بھی کچھ میچ منعقد کیے جا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال بی سی سی آئی نے آئی پی ایل کا انعقاد خود بھارت میں کیا تھا۔ لیکن پھر کورونا انفیکشن کی دوسری لہر کی وجہ سے بائیو ببل میں کیسز آنے لگے اور اسے 29 میچوں کے بعد ہی روکنا پڑا۔ پھر ستمبر اکتوبر میں یو اے ای میں مکمل ہوا۔
غور طلب ہے کہ آئی پی ایل میگا نیلامی 12 اور 13 فروری کو ہی ہوگی اور ہمیشہ کی طرح اس بار بھی بنگلور میں ہی کھلاڑیوں کی بولی لگائی جائے گی۔ اس بار لیگ میں نیلامی کے لیے 1214 کھلاڑیوں نے اپنا اندراج کرایا ہے جس میں 896 بھارتی اور 318 غیر ملکی کھلاڑی ہیں۔