شارجہ میں کھیلے گئے آئی پی ایل خواتین چیلنج کے فائنل مقابلے میں کپتان اسمرتی مندھانا کی بہترین68 رنز کی اننگز کے بعد گیندبازوں کی شاندار کارکردگی سے ٹریل بلیزرس نے گزشتہ دو مرتبہ کی چیمپئن سپرنوواس کو پیر کے روز 16 رنز سے شکست دے کر خاتون ٹی 20 چیلنج کی نئی چیمپیئن بننے کا اعزازحاصل کرلیا۔
ٹریل بلیزرس نے اگرچہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹ پر 118 کا معمول اسکور بنایا لیکن اپنی شاندار گیندبازی سے اس اسکور کا بخوبی دفاع کرتے ہوئے سوپرنوواس کو سات وکٹوں پر 102 رنز پر روک کر خطاب اپنے نام کیا۔
سپر نوواس کی طرف سے لیفٹ آرم اسپنر رادھا یادو (16 رن پر پانچ وکٹ) نے تاریخی گیندبازی کی اور خاتون ٹی ٹوئنٹی میں پانچ وکٹ حاصل کرنے والی پہلی گیندباز بنیں لیکن ان کی اس شاندار کارکردگی پر پانی پھیر دیا۔
رادھا نے چار اوورز میں صرف 16 رن دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں اور خواتین ٹی 20 میں پانچ وکٹیں لینے والی پہلی گیندباز بنیں ۔ رادھا نے اننگز کے آخری اوور میں تین وکٹیں حاصل کیں۔ ٹریل بلیزرس نے آخری اوور میں چار وکٹیں گنوا ئیں۔ اس اوور میں ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوئیں لیکن آخر میں ٹریل بیزرس کا 118 رن کا اسکور بھی سپرنوواس پر بھاری پڑگیا۔
سپرنوواس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ٹریل بلیزرس نے شاندار کھیل کا آغاز کیا اور 15 ویں اوور میں ٹیم کا اسکور ایک وکٹ پر 101 تھا اور ایسا لگ رہا تھا کہ ٹیم 150 کے آس پاس تک جائے گی لیکن اس کے بعد رادھا یادو نے اس کے بعد تباہی مچا دی اور ٹریل بلیزرس کو 118 تک روک دیا۔
ٹریل بلیزرس کے لئے کپتان اسمرتی مندھانا نے 49 گیندوں میں 68 رن پر پانچ چوکے اور تین چھکے لگائے۔ ڈیانڈرا ڈاٹن نے 32 گیندوں پر 20 رنز میں ایک چوکا لگایا۔ رچا گھوش نے 16 گیندوں پر 10 رنز میں ایک چوکا لگایا۔ سپرنواوس کی جانب سے رادھا کی پانچ وکٹوں کے علاوہ ، پونم یادو اور ششی کلاسری وردھنے نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سپرنوواس کی شروعات کافی سست رہی۔ چامری اٹاپٹو صرف چھ رن بناکر صوفی ایکلسٹون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئیں۔ سپرنوواس کا پہلا وکٹ دس رن کے اسکور پر گرا۔
تانیا بھاٹیا 14 رن بناکر دپتی شرما کا شکار بنیں۔ جیمیما روڈریگز نے 16 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 13 رنز بنائے۔ انہیں بھی دپتی نے آؤٹ کیا۔ سپرنوواس کا دوسرا وکٹ 30 اور تیسرا وکٹ 37 رنز پر گرا۔
کپتان ہرمن پریت نے ششی کلا سریوردنے کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لئے 37 رن کی ساجھیداری کی۔ حالانکہ اس ساجھیداری کے دوران سپرنوواس کی رن کافی سست رہی اور ٹیم پر دباؤ بڑھ گیا۔ انہیں سلمہ خاتون نے اپنا شکار بنایا۔
سپرنوواس نے 19 ویں اوور میں تین وکٹ گنوائیں۔ سپرنوواس کا اسکور 102 رن ہی پہنچ سکا۔ سلمہ خاتون نے 18رن پر تین وکٹ اور دپتی نے نو رن پر دو وکٹ لئے۔