اتوار کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی پی ایل ۔13 کے دلچسپ مقابلے میں راجستھان رائلز نے کنگز الیون پنجاب کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پنجاب نے مقررہ 20 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 223 رنز بنائے، راجستھان نے یہ ہدف 19.3 اوور میں حاصل کرلیا۔
پنجاب کی جانب سے مینک اگروال نے شاندار بلے کی اور 50 گیند پر 10 چوکے اور سات چھکے کی مدد سے 106 رنز بنائے، جبکہ کپتان لوکیش راہل 69 رنز کی شاندار اننگ کھیلی، وہیں راجستھان کی جانب سے سنجو سیمسن نے چار چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 85 رنز بنائے، اور کپتان اسٹیو اسمتھ کی 50 رنز کی شراکت سے ان کی ٹیم جیت کے قریب پہنچ گئی۔
لیکن سیمسن کے آؤٹ ہونے کے بعد ایسا لگا تھا کہ راجستھان رائلز کی ٹیم یہ مقابلہ ہار جائے گی، راہل تیوتیا نے 18 ویں اوور میں چھکے لگاکر میچ کا رخ ہی بدل دیا، راجستھان کو آخری دو اوورز میں 21 رنز کی ضرورت تھی، تیز گیندباز محمد سمیع نے پہلی ہی گیند پر روبن اتھپپا کو آؤٹ کر دیا لیکن اس کے بعد آئے جوفرا آرچر نے محمد سمیع کی گیند پر دو چھکے لگا دیے جس سے راجستھان رائلز جیت کے بہت قریب پہنچ گئی۔
اسی اوور میں تیوتیا نے سمیع کی گیند پر دوسرا چھکا لگایا اور اگلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے، تیوتیا نے 31 گیند پر سات چھکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے۔
آخری اوور میں راجستھان کو جیت کے لیے دو رنز درکار تھے، اوور کی تیسری گیند پر ٹام کرن نے راجستھان کو کامیابی دلائی۔ اس میچ میں پنجاب کی جانب سے بنایا گیا مجموعی اسکور بھی آئی پی ایل کے اس سیزن کا سب سے بڑا اسکور تھا جو چند ہی گھنٹوں میں راجستھان نے پورا کرکے جیت درج کرلی۔
راجستھان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا پہلی وکٹ کی شراکت میں راہل اور مینک نے 183 رنز بنائے۔
راجستھان نے آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے بڑے ہدف کا پیچھا کرکے جیت حاصل کی ہے۔ سیمسن اور تیوتیا نے 6 چھکے لگا کر پنجاب کے ہاتھوں سے جیت چھین لی۔ تیوتیا نے 18 ویں اوور میں فاسٹ بولر شیلڈن کوٹریل کی گیندوں پر 5 چھکے لگاتے ہوئے میچ راجستھان کی پلڑے میں ڈال دیا۔
یہ راجستھان کی لگاتار دوسری جیت ہے جبکہ پنجاب کو تین میچوں میں اپنی دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔