محمد سراج کی عمدہ گیند بازی کی بدولت کولکاتا نائٹ رائیڈرز کو 84 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد رائل چیلینجرز بنگلور نے آسان جیت درج کرتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل میں دوسرا مقام حاصل کر لیا ہے۔
ہدف کا تعاقب کرنے اتری رائل چیلینجرز بنگلور کے بلے بازوں نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے یہ ہدف حاصل کیا، بنگلور کے سلامی بلے بازوں نے پہلے وکٹ کے لیے 46 رنز کی پارٹنرشپ کی۔ دیودوت پڈیکل نے 25 اور آرون فنچ نے 16 رنز بنائے۔ فنچ کو لوکی فرگیوسن نے آؤٹ کیا جبکہ پڈیکل رنز آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد وراٹ کوہلی اور گُرکیرت سنگھ مان نے مزید کسی نقصان کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اتری کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے بلے بازوں نے انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بنگلور کے گیند بازوں کے سامنے نہیں ٹک سکے۔
کولکاتا کی جانب سے سب سے زیادہ رنز کپتان ایون مورگن نے بنائے تھے، انہوں نے 34 گیندوں میں 30 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ آخری صف کے بلے باز لوکی فرگیوسن نے 15 رنز بنائے اس کے علاوہ کوئی بھی بلے باز قابل ذکر اسکور نہیں بنا سکا۔
رائل چیلینجرز بنگلور کی جانب سے محمد سراج سب سے کامیاب گیند باز رہے، سراج نے انتہائی کفایتی گیند بازی کی اور 4 اوورز میں 2 میڈن اوورز کے ساتھ محض 8 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ یزویندر چہل نے دو، نادیپ سینی اور واشنگٹن سندر نے ایک ایک وکٹ حاصل کیں۔