سری لنکا کے تیز گیندباز لستھ ملنگا نے گذشتہ روز کمال کر دیا، انہوں نے محض 24 گھنٹوں کے اندر دو ممالک میں دو الگ الگ ٹورنامنٹس میں دو میچ کھیلے۔
انہوں نے ایک ٹی 20 اور ایک یک روزہ میچ کھیلا، اس دوران انہوں نے 10 وکٹ بھی حاصل کئے، ملنگا نے بدھ کو ممبئی انڈیئنز کی جانب سے چنیئی سپر کنگز کے خلاف (انڈین پریمیئر لیگ) آئی پی ایل کا میچ کھیلا، اس کے بعد وہ وطن واپس لوٹ گئے جہاں انہوں نے 50 اوور کا ایک مقابلہ کھیلا۔
ممبئی انڈینس کے لیے ملنگا نے شاندار گیندبازی کی تھی اور 4 اوورز میں 34 رنز دے کر 3 وکٹ بڑے وکٹز (شین واٹسن، کیدار جادھو اور ڈیون براوو) لئے تھے۔
یہ میچ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا جہاں روہت شرما کی کپتانی والی ممبئی انڈینس نے ایم ایس دھونی کی چینیئی سپر کنگس کو 37 رنز سے شکست دی تھی، اس میچ کے بعد وہ جمعرات کی صبح کینڈی کے لئے روانہ ہو گئے۔
سری لنکا میں انہوں نے سپر فور ٹونامنٹ میں کھیلا، ملنگا نے میچ میں تباہ کن گیندبازی کی اور فرسٹ کلاس کیریئر میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ بھی کیا اور 49 رن دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں۔
ان کی بہترین بولنگ کی بدولت ان کی ٹیم نے 156 رنوں سے میچ جیت لیا۔