دنیا کے بعض ممالک میں کورونا نے اپنے دائرے کو اور بھی زیادہ وسیع کردیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کئی ممالک نے اپنے طے شدہ کیلنڈر میں ترمیم کرتے ہوئے اپنے نظام الاوقات میں کئی تبدیلی اور منسوخی عمل میں لائی ہے۔ اسی صورتحال کے مدنظر آئرلینڈ کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کا اپنا طے شدہ دورہ ملتوی کردیا ہے۔ اس حوالے سے کرکٹ آئرلینڈ کا کہنا ہے کہ انھیں زمبابوے کرکٹ کے افسران نے دورہ نہ کرنے کا کہا ہے۔
آئرلینڈ کرکٹ افسران کے مطابق کورونا کی موجودہ صورتحال میں زمبابوے کا دورہ ممکن نہیں ہے۔ واضح رہے کہ آئر لینڈ کرکٹ ٹیم کو اپریل میں ون ڈے اور ٹی۔20 سیریز کھیلنا تھی جس کے لیے انھیں 28 مارچ کو زمبابوے کے لیے روانہ ہونا تھا۔
لیکن آئرلینڈ کرکٹ کے افسران نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ کرکٹ کے شائقین مایوس نہ ہوں یہ دورہ دیر سے ہی سہی لیکن ہوگا ضرور، کرکٹ آئرلینڈ کا کہنا ہے کہ دونوں بورڈز باہمی مشاورت کے ذریعہ دورے کو دوبارہ ترتیب دیں گے۔