بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ٹیسٹ سڈنی میں 7 جنوری سے کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ 15 جنوری سے برسبین میں ہو گا لیکن کورونا کے سبب برسبین میں ممکنہ سخت پابندیوں کی وجہ سے ٹیم انڈیا نے وہاں جانے سے انکار کردیا ہے۔
میتھیو ویڈ نے کہا کہ میں نے اس کے بارے میں نہیں سنا ہے لیکن ظاہر ہے کہ ہم سڈنی میں مسلسل دو میچ کھیلنے کے حق میں نہیں ہیں۔ سیریز کا شیڈول پہلے ہی طے ہوچکا ہے اور ہم اسی پر عمل کریں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا اسی کے مطابق ہی چلے گی اور اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم برسبین میں کھیلنا پسند کریں گے۔ یہاں سخت کوارنٹین اور سخت پروٹوکول ہوں گے لیکن ہم مزید چیلنجوں کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 'ہماری جانب سے کوئی غیر یقینی صورتحال نہیں ہے۔ ہم سڈنی میں کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔ ہم اگلے میچ کے لیے تیار ہیں۔ اس کے بعد جو کچھ ہوگا وہ ہمارے اختیار میں نہیں ہے اور ہم اس میں کچھ نہیں کرسکتے ہیں۔
بھارتی ٹیم کے پانچ کھلاڑیوں کے مبینہ طور پر پروٹوکول کی خلاف ورزی پر میتھیو ویڈ نے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں نے جو کیا میں اس کے بارے میں زیادہ سوچ نہیں رہا ہوں۔ ایک ٹیم اور نجی طور پر کرکٹ میدان کے باہر ٹیم انڈیا کیا کررہی ہے اس بارے میں ہم نہیں سوچ رہے ہیں۔ یہ ایسی صورتحال ہے جہاں ہم صرف یہ سوچ رہے ہیں کہ ہم زیادہ سے زیادہ بہتر کرسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ کی جوڑی سے نمٹنا مشکل ہے۔ انہوں نے کافی بہترین گیندبازی کی۔ پہلی اننگز میں ہم نے جتنا سوچا تھا حیرت انگیز طور پر اس سے کہیں زیادہ ان گیند بازوں نے اسپن اور باؤنس کی۔