بھارت نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ (ایس سی جی) میں کھیلے جارہے تیسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگ میں آسٹریلیا کے 338 رنز کے جواب میں دوسرے دن جمعہ کے کھیل کے اختتام تک دو وکٹیں گنوا کر 96 رنز بنائے ہیں۔ اسٹمپ اکھاڑے جانے تک کپتان اجنکیا رہانے پانچ اور چتیشور پجارا نو رنز بناکر کھیل رہے ہیں۔ اس طرح اب بھارت آسٹریلیا سے 242 رنز پیچھے ہے۔
روہت شرما اور شبھ مان گِل نے بھارتی ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کی پارٹنر شپ میں 27 اوورس میں 70 رنز جوڑے۔ بھارت کی جانب سے اوپنر شبھ مان گِل نے 50 رنز بنائے۔ واضح رہے کہ گِل، اپنا دوسرا ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں، یہ ان کی پہلی ٹیسٹ نصف سنچری ہے جس کے لئے انہوں نے 101 گیندوں کا سامنا کیا اور 8 چوکے لگائے۔ جب کہ روہت شرما 26 رنز ہی بناسکے۔
آسٹریلیائی ٹیم نے اسٹیو اسمتھ کے شاندار 131 اور مارنس لبوشن کے 91 رنز کی بدولت 338 رنز بنائے۔ بھارت کی طرف سے رویندر جڈیجا نے چار وکٹیں حاصل کیں، جسپریت بمراہ اور نودیپ سینی نے دو دو، جب کہ محمد سراج کو ایک ہی وکٹ پر اکتفاء کرنا پڑا۔