ہرارے: نوجوان صلاحیتوں سے بھری بھارتی ٹیم جمعرات کو زمبابوے کے ایک ایسے کھلاڑیوں سے مقابلہ کرے گی جس نے ماضی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ زمبابوے کو ایک کمزور ٹیم سمجھا جاتا ہے، لیکن اس سال اس نے 2016 کے بعد پہلی بار ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا اور پھر بنگلہ دیش کو ٹی۔ٹوئنٹی (1-2) اور ون ڈے سیریز (2-1) میں شکست دی۔ بنگلہ دیش کے خلاف کھیلی گئی سیریز میں زمبابوے کو سکندر رضا اور ریان برلے جیسے کئی میچ ونر ملے۔ IND vs ZIM
رضا نے اس سال کھیلے گئے نو ون ڈے میچوں میں دو سنچریاں اور دو نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ دوسری جانب کے ایل راہل طویل عرصے بعد بھارتی ٹیم میں واپسی کر رہے ہیں اور یہ سیریز ان کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ وہ ایشیا کپ کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے آخری بار مئی 2022 میں آئی پی ایل ایلیمینیٹر کے لیے میدان پر اترے تھے۔ شبھمن گل اور شیکھر دھون ویسٹ انڈیز کے شاندار دورے پر زمبابوے آرہے ہیں جہاں وہ اپنی فارم برقرار رکھنا چاہیں گے۔
بھارت اب اکتوبر میں منعقد ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے پوری طرح تیار ہے، جو ان کی ٹیم کے انتخاب میں بھی واضح ہے۔ زمبابوے میں تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے لیے متعدد نوجوان ٹی ٹوئنٹی ماہرین کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جو آسٹریلیا کا سفر کرنے والے اسکواڈ میں جگہ کے لیے اپنا دعویٰ پیش کرنا چاہیں گے۔
ان کھلاڑیوں میں پہلا نام دیپک چاہر کا ہے جو راہل کی طرح زخمی ہو کر ٹیم سے باہر ہو گئے تھے۔ راہل ترپاٹھی اور شہباز احمد بھی اس سیریز میں اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو کر سکتے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے آئی پی ایل میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور وہ بین الاقوامی کرکٹ میں ملنے والے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیں گے۔
سیریز کے تینوں میچ ہرارے کی پچ پر کھیلے جائیں گے جو بلے بازوں کے لیے دوستانہ سمجھی جاتی ہے۔ بھارت نے 2013 سے اب تک اس گراؤنڈ پر نو میچ کھیلے ہیں اور سبھی جیتے ہیں، حالانکہ اس بار زمبابوے کو کم سمجھنا درست نہیں ہوگا اور دھون نے بھی اس بات کو مان لیا ہے۔ نائب کپتان دھون نے منگل کی پریس کانفرنس میں کہاکہ "وہ بنگلہ دیش کے خلاف جیت گئے ہیں۔ وہ اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور یہ ہمارے لیے اچھی بات ہے۔ ہم کسی بھی چیز کو معمولی نہیں سمجھ سکتے۔'
یو این آئی