پرسدھ کرشنا کی چار وکٹوں کی بدولت میزبان ٹیم بھارت نے نریندر مودی اسٹیڈیم، احمد آباد میں تین میچوں کی سیریز کے دوسرے یک روزہ میچ میں 237 رنز کا دفاع کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 44 رنز سے شکست دے دی ہے۔ کرشنا کو شاندار مظاہرہ کرنے کی وجہ سے میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس جیت کے ساتھ ہی بھارت نے سیریز میں 0-2 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔ آخری یک روزہ میچ جمعہ کو اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔
237 کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کے سلامی بلے باز شائی ہوپ اور برینڈن کنگ نے پہلی وکٹ کے لیے 32 رنز بنائے، لیکن پرسدھ کرشنا نے کنگ (18) اور ڈیرن براوو (1) کو یکے بعد دیگرے آؤٹ کیا۔ شائی ہوپ (27) بھی جلد ہی روانہ ہوگئے جب انہیں یوزویندر چہل نے پویلین واپس بھیج دیا۔ اس طرح ویسٹ انڈیز نے 17ویں اوور میں 52 رنز پر تین وکٹ کھو دیے۔
کپتان نکولس پورن کو ونڈیز کی ٹیم سے بہت امیدیں تھیں لیکن وہ بھی ناکام رہے، آؤٹ ہونے سے پہلے اس نے صرف نو رنز بنائے۔ جیسن ہولڈر (2) شاردول ٹھاکر کی بولنگ پر سستے میں چلے گئے اور مہمان ٹیم کے 22ویں اوور میں 76 پر پانچ وکٹ گرگئے۔
لیکن شمر بروکس اور اکیلاحسین نے چھٹی وکٹ کے لیے 41 رنز بنائے اور جیسے ہی ونڈیز کی اننگز دوبارہ سنبھلنے لگی، تبھی دیپک ہوڈا نے اپنی پہلی ون ڈے وکٹ حاصل کی جب انہوں نے بروکس (44) کو آؤٹ کیا، اکیل ہوسین (34)، اوڈین اسمتھ (24) اور فیبین ایلن (13) نے بھی کچھ رنز بنائے لیکن آخر میں یہ کافی ثابت نہیں ہوا اور بھارت نے 44 رنز سے جیت درج کر لی۔
اس سے قبل مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر گیندبازی کا فیصلہ کیا اور اچھی گیندبازی کرتے ہوئے شروعات میں کپتان روہت شرما، رشبھ پنت اور وراٹ کوہلی کے وکٹ حاصل کرکے ہندوستان کو بڑے دھچکے دیئے۔
نتیجہ کے طور پر مڈل آرڈر پر دباؤ آیا لیکن سوریہ کمار اور راہل نے بالترتیب پانچ چوکوں کی مدد سے 83 گیندوں پر 64 رن اور چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 48 گیندوں پر 49 رن کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو بحران سے باہر نکالا۔ دونوں کے درمیان چوتھے وکٹ کے لئے 91 رن کی شراکت ہوئی۔
راہل کے آوٹ ہونے کے بعد سوریہ نے واشنگٹن کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لئے بھی 43 رن کی شراکت کی۔ پھر آخر میں دیپک ہڈا کے 29، واشنگٹن سندر کے 24 رن اور یوزویندر چہل کے 11 رن کے تعاون کی بدولت ہندوستان 50 اوور میں نو وکٹ پر 237 رن کے قابل دفاع اسکور تک پہنچنے میں کامیاب رہا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوڈین اسمتھ نے سات اوور میں 29 رن پر دو، جبکہ الزاری جوسف نے 10 اوور میں 36 رن پر دو وکٹ لئے۔ کیمرروچ ، جیسن ہولڈر ، اکیلا ہسین اور فیبین ایلین کو ایک ایک وکٹ ملا۔
مختصر اسکور: بھارت 237/9 (سوریہ کمار یادو 64، کے ایل راہل 49 ، الزاری جوزف 2-36)؛ ویسٹ انڈیز 193 آل آؤٹ (شمر بروکس 44، اکیلا ہوسین 34؛ پرسدھ کرشنا 4-12)۔