چٹگانگ: ایشان کشن ہفتہ کو بنگلہ دیش کے خلاف تیسرے ون ڈے میں 210 رن بنا کر ون ڈے کرکٹ میں سب سے تیز ڈبل سنچری بنانے والے بلے باز بن گئے۔ ظہور احمد چودھری اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ایشان نے 131 گیندوں پر 24 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 210 رنز بنائے۔ انہوں نے اپنی ڈبل سنچری 126 گیندوں میں مکمل کی، جب کہ اس سے قبل کرس گیل نے 2015 میں 138 گیندوں میں ڈبل سنچری کا ہندسہ چھو لیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی کشن ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے ساتویں بلے باز بھی بن گئے۔ کشن کے علاوہ روہت شرما نے اس فارمیٹ میں تین ڈبل سنچریاں اسکور کی ہیں، جب کہ سچن تنڈولکر، وریندر سہواگ، گیل، فخر زمان اور مارٹن گپٹل نے ایک ایک ڈبل سنچری بنائی ہے۔
جنوری 2020 کے بعد کسی بھارتی اوپنر کی یہ پہلی سنچری بھی ہے۔ روہت شرما کے انگوٹھے پر چوٹ لگنے کے بعد 24 سالہ کشن کو ٹیم میں موقع دیا گیا۔ جھارکھنڈ کے 24 سالہ کرکٹر نے موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا، 210 رنز بنائے اور ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے سب سے کم عمر بلے باز بن گئے۔ انہوں نے اس یادگار اننگز کے دوران وراٹ کوہلی کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 290 رنز کی شراکت داری کی۔ اس دوران کوہلی (113) نے 40 ماہ بعد ون ڈے کرکٹ میں سنچری بنائی۔ کھیل کے اس فارمیٹ میں ان کی پچھلی سنچری 14 اگست 2019 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف بنی تھی۔ بین الاقوامی کرکٹ میں یہ کوہلی کی 72ویں سنچری ہے اور وہ سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کے معاملے میں اب صرف سچن تنڈولکر (100) سے پیچھے ہیں۔
مزید پڑھیں:
ایشان کشن کی ڈبل سنچری کی بدولت بھارتی ٹیم کا اسکور چار سو نو
یو این آئی